ملتان میں150کلوواٹ منی مائیکروہائیڈل سٹیشن پر99فیصدتعمیراتی کام مکمل

ملتان میں150کلوواٹ منی مائیکروہائیڈل سٹیشن پر99فیصدتعمیراتی کام مکمل

پشاور( سٹا ف رپورٹر)وادی کالام کے علاقہ مٹلتان میں خیبرپختونخواحکومت کے مالی تعاون سے مقامی آبادی کے لئے تعمیرکردہ 150کلوواٹ کے منی مائیکروہائیڈل سٹیشن پرتقریباً99فیصدکام مکمل ہوچکاہے اورجلد ہی اسے بجلی کی پیداوار کے لئے آپریشنل کردیاجائے گا۔صوبے کے 12اضلاع میں بجلی کی نعمت سے محروم پسماندہ علاقوں میں منی مائیکروہائیڈل سٹیشنز(چھوٹے پن بجلی گھروں) کے تعمیراتی منصوبے پر کام کرنے والے ادارے پیڈوکے حکام نے مٹلتان میں منی مائیکروہائیڈل سٹیشن کے بارے میں تعمیراتی کام بند ہونے اورمشینری ناکارہ ہونے کے بارے میں بعض اخبارات میں شائع ہونے والی خبرکوبے بنیاد اورحقائق کے منافی قراردیتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ مذکورہ علاقے میں مقامی آبادی کے لئے150کلوواٹ کے منی مائیکروہائیڈل سٹیشن پرتقریباً99فیصدتعمیراتی کام مکمل ہوچکاہے۔ تاہم مقامی آبادی کی جانب سے بجلی گھرکے لئےSpillwayکے ذریعے پانی چھوڑنے کے تنازعہ پربجلی کی پیداوار شروع نہیں کی جاسکی ہے تاہم اب پائپ کے ذریعے Spillwayسے پانی کوچھوڑنے پر کام کیا جارہاہے جس سے مقامی آبادی کاتنازعہ حل ہوجائے گا۔پیڈوحکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مذکورہ بجلی گھربجلی کی پیداوارکے لئے مکمل ہوچکاہے اورجلد ہی800گھرانوں کوبجلی مہیاکی جائے گی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر