فلسطینی کے قیام ، قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہیگی، ساجد نقوی

فلسطینی کے قیام ، قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہیگی، ساجد نقوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی(جنرل رپورٹر)قائد ملت جعفریہ پاکستان و مرکزی نائب صدر متحدہ مجلس عمل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے ترجمان و مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیعہ علماء کونسل پاکستان زاہد علی آخونزادہ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی کی اپیل پر شیعہ علماء کونسل پاکستان، متحدہ مجلس عمل ، ملی یکجہتی کونسل پاکستان اور جعفریہ اسٹو ڈنٹس پاکستان سمیت ملک بھر کی دیگر مذہبی و سیاسی تنظیموں نے پنجاب ، سندہ ،بلوچستان ،خیبر پختونخواہ ، جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم القدس کی ریلیاں، مظاہرے ، سیمینارز اور مذاکروں کا انعقاد کیاگیا۔ کراچی میں مرکزی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، مسلم ممالک مشترکہ مسائل پر ایک موقف اختیار کریں تو اسلام کی عظمت و سربلندی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے، مسلمانوں کے پاس وسائل موجود ہیں مگر انہیں امت کی بیداری اور تحفظ کیلئے استعمال نہیں کیا جارہا ۔ جس کی وجہ اتحاد کا فقدان ہے۔انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ قدس کی آزادی کیلئے او آئی سی کومضبوط کیا جائے یا مسلم ممالک میں عوامی لیڈر شپ اپنے اندر ہم آہنگی پیدا کرکے قدس کی آزا ی کیلئے جدوجہد کرے۔انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ایک منصوبے کے تحت شدید محاذ آرائی و قتل وغارت گری کا بازار گرم ہے۔اس کا مقصد اسرائیل کو محفوظ رکھنا ہے اورقبلہ اوّل کی آزادی کا راستہ روکنا ہے۔جس سے مسلم امہ کی قوت کمزور ہو رہی ہے اور اس کے نتیجے میں اسرائیل محفوظ ہورہا ہے قبلہ اوّل کی آزادی دور ہو رہی ہے۔ مرکزی ریلی میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ، متحدہ مجلس عمل کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ،شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ شبیر حسن میثمی ، شیعہ علماء کونسل سندھ کے صوبائی صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی ، ڈویژنل صدر علامہ کامران حیدر سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی مرکزی القدس ریلی سے خطاب کیا ۔ وفاقی دارلحکومت میں شیعہ علماء کونسل پاکستان نے اتحاد و حدت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کی مشترکہ قدس ریلی جو نادرا چوک سے سرینا ہو ٹل تک نکالی جس کی قیادت ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری و شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کی،القدس ریلی میں علما ء کرام سمیت سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ۔اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے خطاب میں کہاکہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ہر سال کی طرح امسال بھی جمعۃ الوداع کو ملک بھر میں یوم القدس کے طور پر منایا گیا۔ مسئلہ فلسطین و کشمیر بین الاقوامی دنیا کے سلگتے ہوئے مسائل تھے ابھی وہ بھی حل نہ ہوپائے کہ استعمار نے شام ، افغانستان ، عراق ،یمن ،لبنا ن ،بحرین اور میانمارمیں ایک سازش کے تحت آگ بھڑکانا شروع کردی ۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیلی ظلم وزیادتی کی انتہاء ہوچکی مگر افسوس اقوام متحدہ نے ہمیشہ دوغلے پن کا مظاہرہ کیا ، افسوس او آئی سی بھی خاموش تماشائی بنی رہی اور مسلم ممالک کی اکثریت نے بھی ہونٹ سی لئے ہیں جو کہ افسوس و باعث تشویش ہے، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیاتھا ، ان کا کہنا تھا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر فلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی،آخر میں علامہ عارف واحدی نے سرزمین بیت المقدس پر امریکہ کی جانب سے امریکہ سفارتخانہ منتقل کرنے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت اور مخالفت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ۔شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی اخونزادہ نے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسرائیل نے ظلم کی انتہاء کردی،ہم فلسطینیوں کی آئینی ،جمہوری اور اخلاقی حمایت جا ری رکھیں گے ۔بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی ؒ نے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کرفلسطینیوں سے ا ظہار یکجہتی کی بنیاد رکھی جو آج تک جاری ہے،ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک دوغلے پن کا مظاہرہ بند کریں اور اسرائیلی جارحیت رکوائیں، اسلامی ممالک میں امن کے بغیر دنیا کو پرامن بنانے کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں کیا جاسکتا، پاکستان میں بھی امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور ملک میں جاری ٹارگٹ کلنگ و دہشتگردی کو روکنے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔