ٹی این ایف جے کی راولپنڈی میں عالمی یوم القدس پر حمایت مظلومین ریلی

ٹی این ایف جے کی راولپنڈی میں عالمی یوم القدس پر حمایت مظلومین ریلی

راولپنڈی(جنرل رپورٹر) قائد ملت جعفریہ پاکستان آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق جمعۃ الوداع کو یوم القدس حمایت مظلومین اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ القدس شریف کی بازیابی اور کشمیر کی آزادی کیلئے برسرپیکار مجاہدین حریت کی حمایت جاری رکھی جائیگی۔راولپنڈی میں یوم القدس حمایت مظلومین کا مرکزی احتجاجی جلوس ٹی این ایف جے کی ضلعی یوم القدس حمایت مظلومین کمیٹی کے زیراہتمام امامبارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سے نکالا گیا جس میں ہڑاروں افراد نے شرکت کی۔جلوس کی قیادت ٹی این ایف جے کے سیکرٹری جنرل سیدشجاعت علی بخاری، مرکزی کنوینر یوم القدس حمایت مظلومین میثم تمار ،ریجنل کونسل راولپنڈی کے صدر علامہ ابوالحسن تقی ،علامہ سیدزاہدعباس کاظمی علامہ سیدمحسن علی ہمدانی ، علامہ سیدقلب عباس بخاری ، علامہ سیدوقارحسین نقوی ، علامہ سجادگردیزی ،مفتی باس عباس زاہری ،مولاناجاویدحیدری ،مالک اشتر، چوہدری مشتاق حسین،سیدعلی اجودنقوی ، قاضی وفاعباس ،سیدمحمدعباس کاظمی،سیدزین العابدین نقوی،این ایچ نقوی ،ایم ایچ جعفری،غلام علی حیدری، عاصم جعفری ، محمد عباس بلو چ ، ملک مظہر عباس او ردیکر رہنما کررہے تھے۔شرکائے جلوس نے مختلف بینرز اور پلے کارڈ اورکتبے اٹھار کھے تھے جن پر القدس کی آزادی تک جنگ رہے گی ،امریکی ہندو سامراج مردہ ،اسرائیل مردہ باد اور دیگر نعرے درج تھے۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے علامہ محسن علی ہمدانی نے کہاکہ عالم اسلام کو بچانے ،مسلم ممالک کو عالمی شیطانوں سے محفوظ رکھنے کیلئے او آئی سی منافقانہ روش ترک کر کے یک رخی اختیار کرے ، ’’عالمی یوم القدس ‘‘ کی طرح او آئی سی کے پلیٹ فارم سے ’’عالمی یوم کشمیر‘‘ بھی منایاجائے، سلامتی کونسل میں ویٹوکا حق حاصل کیا جائے، ایکدوسرے کے ممالک میں مداخلت نہ کی جائے، مسلم حکمران عوام کو بنیادی حقوق، آزادی رائے کا حق دیں ، یمن، شام، بحرین میں اپنے عوام پر مظالم بند کریں ،تما م قوتیں ذہن نشین رکھیں کہ جس طرح کفر ایک ملت ہے اُسی طرح مسلمان بھی ملت واحدہ ہے لہٰذا او آئی سی عالمی طاقتوں کی لونڈی کا کردار ادا کرنے سے اجتناب کرے ورنہ القدس و کشمیر کے ایام منانے کے باوجود یہ مسائل حل نہیں ہوں گے۔ علامہ زاہدعباس کاظمی نے امریکی سفارت خانے کی یروشلم منتقلی مشرق وسطی کوآگ میں دھکیلنے کے مترادف قراردیتے ہوئے کہاکہ مظلوم اورنہتے فلسطینیوں پراسرائیلی فوج کی درندگی ، گولیوں کی بوچھاڑاورگن شپ ہیلی کاپٹرسے فائرنگ عالمی امن کے ٹھیکیداروں کے منہ پرطمانچہ اورمسلم حکمرانوں کی غیرت و حمیت کیلئے کھلاچیلنج ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر