فلسطینی مسلمانوں پر ظلم و جبر کی بد ترین تاریخ دہرائی جار ہی ہے :احمد محمدی

فلسطینی مسلمانوں پر ظلم و جبر کی بد ترین تاریخ دہرائی جار ہی ہے :احمد محمدی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایرانی قونصلیٹ میں منعقدہ سالانہ دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے میزبان قونصل جنرل ایران احمدمحمدی نے کہاہے کہ غاصب اسرائیل کی جانب سے فلسطینی مسلمانوں پر ظلم وجبر کی بدترین تاریخ دہرائی جارہی ہے،پوری دنیاکے لوگوں کے لئے ان کا اپناوطن ہے لیکن فلسطینی اپنے گھروں کو واپس لوٹنے نہیں دیاجارہاہے،دوسری جانب امریکابھی اسرائیل کی پشت پناہی کرتے ہوئے اپناسفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کا اعلان کرکے اپنی شیطانیت واضح کرچکاہے،ایسے میں امت مسلمہ کا اتحاد انتہائی ضروری ہے، اسلامی جمہوریہ ایران امت مسلمہ میں شعوروبیداری کا فریضہ انجام دیتارہے گا۔ایرانی قونصلیٹ میں سالانہ دعوت افطارمیں جمعیت علمائے پاکستان سندھ کے صدرعلامہ سیدعقیل انجم قادری، محمدشکیل قاسمی،جماعت اسلامی کے نائب امیر اسداللہ بھٹو، سابق ایم این اے مظفرہاشمی،متحدہ علماء محاذپاکستان کے بانی وجنرل سیکریٹری مولانامحمدامین انصاری، سواد اعظم پاکستان کے حافظ گل نواز،پاکستان مسلم لیگ ن علماء ومشائخ ونگ سندھ کے صدر سیدازہرشاہ ہمدانی،کیپٹن (ر) عمران غوری، جمعیت اہلحدیث کے علامہ مرتضیٰ خان رحمانی،اے این آئی کے سعد خان، سیدحسنین عقیل،سیداحمر سمیت دیگر دینی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان صوبہ سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ سید عقیل انجم قادری اورجماعت اسلامی کے مظفرہاشمی نے کہاکہ پاکستان کی مذہبی وسیاسی جماعتیں ہمیشہ سے فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں، ہرفورم پر فلسطین کے مسلمانوں کے حق میں آوازبلندکی اور اسرائیل کی مذمت کرتے رہے ہیں،اسلامی جمہوریہ ایران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں کہ اس نے فلسطین کے مسئلے کو دنیابھرمیں اجاگر کیااور نامساعد حالات کے باوجود فلسطینیوں کی حمایت میں کھڑارہا۔دیگر مسلم ممالک کوبھی چاہئے کہ ایران کی تقلید کرتے ہوئے اپنافریضہ انجام دیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر