کھیلوں کو فروغ دیکر نوجوانوں کو منشیات سے بچایا جاسکتا ہے،گلزاراعوان
راولپنڈی ( جنرل رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے نائب صدر، حلقہ این اے 61 سے قومی اسمبلی کے امیدوار حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ کھیلوں کو فروغ دے کر ہم اپنی نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچا سکتے ہیں . پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر ان ڈور اور آؤٹ ڈور کھیلوں کی سہولیات پر خاص توجہ دے گی . این اے 61 کی ہر یونین کونسل میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کیلئے نوجوانوں کی ٹیمیں بنائی جائیں گی اور خالی سرکاری زمینوں میں کھیلو ں کے میدان بنائے جائیں گے تاکہ ہماری نوجوان نسل منشیات کی لعنت سے بچ کر جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط اور توانا بن سکے . انہوں نے ان خیالات کا اظہارکامسیٹس یونیورسٹی میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئے کیا . اس موقع پر قومی کرکٹر عماد وسیم سمیت ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی . حاجی محمد گلزار اعوان نے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جس کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر خاطر خواہ فنڈز مختص کرے گی . دریں اثناء راولپنڈی کینٹ میں پارٹی کے سنئیر جیالوں کے زیر انتظام مختلف علاقوں میں فری راشن تقسیم کی تقریبات اور افطار پارٹیوں سے خطاب کے دوران حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ جولائی 2018 ء کے الیکشن پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہیں . عدالت سے سزا یافتہ سابق حکمران اور ان کی پارٹی نے سوائے کمیشن کے حامل میگا پراجیکٹس کے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا . پانچ سال کے دوران انہو ں نے محض دعوے اور نعرے بلند کئے جس کے نتیجے میں آج عوام کو پہلے سے بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے . انہوں نے کہا کہ بھٹوز کا ویژن ہی ملک کو حقیقی درپیش مسائل سے نجات دلا سکتا ہے . ہماری شہید لیڈر شپ نے ملک و قوم کی خاطر جانوں کی قربانی دی اور ہم اسی راہ کے راہی ہیں . توانائی ، پانی اور دیگر حقیقی مسائل اپنی جگہ موجود ہیں جو ن لیگ والوں کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے . حاجی محمد گلزار اعوان نے ٹینچ بھاٹہ میں پارٹی کے جیالے راجہ عشرت اور عظیم جیالے بشارت بھٹی کی جانب سے الگ الگ دی گئی افطار پارٹیوں میں شرکت کی جبکہ این اے 61 سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر افطار ڈنر کا اہتمام کیا . اس موقع پر جیالوں نے کہا کہ ہم جھوٹ ، منافقت اور کمیشن کی سیاست کرنے والوں کا صفایا کر دیں گے . ہم شہید بھٹو اور شہید رانی کی سیاسی ویژن ہر گھر میں پہنچا کر پارٹی کی کامیابی کیلئے محنت کریں گے . اس موقع پر حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ میری اصل طاقت اللہ تعالی کے بعد پارٹی کے جیالے ہیں . میں تمام کارکنوں کا مشکور ہوں جنہوں نے میری دعوت پر افطار پارٹی میں شرکت کی .