الیکشن میں عوام کھوکھلے نعروں کی سیاست کو دفن کردینگے،راشدحفیظ

الیکشن میں عوام کھوکھلے نعروں کی سیاست کو دفن کردینگے،راشدحفیظ

راولپنڈی (جنرل رپورٹر ) پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار برائے پی پی 16 راجہ راشد حفیظ نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے ہیں . کاغدات جمع کرانے کے موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اب تبدیلی کا وقت آن پہنچا ہے اور عوام کھوکھلے نعروں کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں گے . انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے پاکستانی عوام سے ووٹ لے کر بھارتی مفادات کو تحفظ دیا جبکہ 2013 ء کے الیکشن میں جو وعدے کئے تھے وہ بھی پورے نہیں کئے . عوام کو بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے . ڈیموں کی کمی کی وجہ سے پانی کے مسائل سر اٹھا رہے ہیں جبکہ بھارتی آبی جارحیت کو روکنے کیلئے مسلم لیگ ن نے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا . راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا ہے جہاں مریضوں کے لواحقین جانوروں کی طرح رل رہے ہیں جبکہ عام وارڈوں میں گندگی ، بدبو اور تعفن سمیت طبی سہولیات کی شدید کمی ن لیگ والوں کی بدترین کارکردگی اور نا اہلی کا ثبوت ہے . انہو ں نے کہا کہ عوام کو جو سہولیات ترجیحی بنیادوں پر ضرورت تھیں ان پر توجہ نہیں دی گئی اور میٹروبس ، اورنج ٹرین ، سڑکوں اور بجلی کے ایسے میگا منصوبوں پر قوم کے اربوں ڈالر خرچ کئے گئے جن کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں ملا . ہم اقتدار میں آکر ان تمام معاملات کا حساب لیں گے اور ن لیگیوں نے ان منصوبوں سے جو کمیشن کمایا ہے اسے بھی عوام کے سامنے نہ صرف بے نقاب کیا جائیگا بلکہ یہ دولت واپس قومی خزانے میں جمع کروائی جائیگی . انہو ں نے کہا کہ تحریک انصاف ایک فعال بلدیاتی نظام لے کر آئے گی جس میں عوام خود اپنے مسائل حل کریں گے اور فنڈز کے استعمال سے اپنی ترجیحات کے مطابق ترقیاتی کام کروائیں گے .

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر