شہریوں کو پانی کی بوند بوند کیلئے ترسانا سراسر ظلم ہے، ایم کیوایم

شہریوں کو پانی کی بوند بوند کیلئے ترسانا سراسر ظلم ہے، ایم کیوایم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کراچی بھر میں پانی کے بحران کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ کراچی جیسے میگا سٹی شہر میں پانی جیسی بنیادی ضرورت کی قلت اور شہریوں کو پانی کی بوند بوند کیلئے ترسانا سراسر ظلم ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہری جس طرح سے پانی کے حصول کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں وہ حکمرانوں کیلئے باعث شرم ہے اور ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹان ، کورنگی ، لانڈھی ، شاہ فیصل ، ملیر ، نارتھ کراچی ، ناظم آباد ، نارتھ ناظم آباد، بلدیہ ، لیاقت آباد ، رنچھوڑ لائن ، لائینز ایریا ، نیو کراچی ، سرجانی کے عوام پانی کے حصول کیلئے احتجاجی مظاہرے کرنے پر مجبور ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں پانی کی فراہمی کے بجائے ٹینکر مافیا پر ہی اکتفا کرکے اس کا حل تصور کرلینے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہر میں ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی ہے اور لوگ پانی کے ٹینکر مہنگے داموں پر خریدنے پر مجبور ہیں اور پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے تعصب اورنفرت کی بنیاد پر کراچی کے شہریوں کیلئے پانی کا حصول ناممکن بنا دیا ہے ، پیپلزپارٹی کے کراچی میں پانی کی فراہمی کے منصوبے بھی سرخ فیتے کی نذر کئے بلکہ شہر کو ملنے والے اضافی پانی کی لائینو ں کا رخ بھی بدل کر کراچی کے شہریوں کو پانی کی بوند بوند کیلئے ترسا دیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی سے محبت اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے دعوے کرنے والی پیپلزپارٹی نے کراچی اور اس کے عوام کے ساتھ جو ظلم کیا ہے آئندہ انتخابات میں عوام پیپلزپارٹی کو یکسر مسترد کرکے اس کا انتقام لیں گے ۔ رابطہ کمیٹی نے نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمن سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں پانی کے شدید بحران کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور شہر میں پانی کی منصفانہ اور مستقل فراہمی کیلئے سنجیدہ بنیاد پر عملی اقدامات بروئے کار لائے جائیں بصورت دیگر کراچی میں پانی کے بحران پر عوام کا ضبط ٹوٹ سکتا ہے ۔