1200 نومولود بچے فروخت کرنیوالی پاکستانی خاتون گرفتار، یہ دراصل کون تھی؟ جان کر کوئی بھی گھبرا جائے

1200 نومولود بچے فروخت کرنیوالی پاکستانی خاتون گرفتار، یہ دراصل کون تھی؟ جان ...
1200 نومولود بچے فروخت کرنیوالی پاکستانی خاتون گرفتار، یہ دراصل کون تھی؟ جان کر کوئی بھی گھبرا جائے

فیصل آباد(ویب ڈیسک)  الائیڈ ہسپتال کی ملازمہ نومولود کی خریدو فروخت میں ملوث نکلی جس نے 1200 بچوں کو فروخت کرنے کا اعتراف بھی کر لیا۔ پولیس کو شہر میں نومولودوں کی خریدو فروخت کے کاروبار کی اطلاع ملی تھی جس پر ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے پانچ دن کی بچی بازیاب کی گئی جب کہ مکان سے ایک لاکھ 80 ہزار روپے بھی ملے۔

نیونیوز کے مطابق پولیس نے مکان سے ایک خاتون کو بھی گرفتار کیا جس نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ 30 سال سے الائیڈ ہسپتال کی ملازمہ ہے اور اس عرصے میں اس نے 1200 بچے فروخت کیے۔پولیس کے مطابق ملزمہ نے بتایا کہ نومولود میں لڑکا تین لاکھ اور لڑکی دو لاکھ میں فروخت کی جاتی تھی اور زیادہ خریدار آنے پر بچوں کی بولی لگائی جاتی تھی۔ اس کے علاوہ وہ اپنے شوہر کے ساتھ مل کر ناجائز نومولود بھی فروخت کرتی تھی۔

پولیس کے مطابق ملزمہ نے دوران تفتیش یہ بھی بتایا کہ الائیڈ ہسپتال کی تین گائنا کولوجسٹ بھی اس کاروبار میں ملوث ہیں اور اسے صرف اس کام کا کمیشن ملتا تھا جب کہ بچوں کی فروخت کے عوض ملنے والی کچھ رقم ہسپتال کے وارڈ پر بھی خرچ کی جاتی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی جب کہ ملزمہ کو مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

دوسری جانب الائیڈ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خرم الطاف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزمہ الائیڈ ہسپتال کی پرانی ملازمہ تھی اور ان دنوں اس کی ڈیوٹی آؤٹ ڈور وارڈ میں تھی۔ایم ایس نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے اور ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج ہونے پر اسے فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ اب پولیس جو کارروائی کرے گی اس کے مطابق آگے بڑھا جائے گا۔

علاوہ ازیں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ سے مزید تفتیش کی جائے گی اور اس کے الزامات کی تصدیق کر کے کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /فیصل آباد

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...