اصغر خان کیس ،نواز شریف نے سپریم کورٹ میں جواب داخل کرادیا ،انتخابی مہم میں رقم لینے کا الزام مسترد

اصغر خان کیس ،نواز شریف نے سپریم کورٹ میں جواب داخل کرادیا ،انتخابی مہم میں ...
اصغر خان کیس ،نواز شریف نے سپریم کورٹ میں جواب داخل کرادیا ،انتخابی مہم میں رقم لینے کا الزام مسترد

روزنامہ پاکستان کی اینڈرائیڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اصغر خان کیس میں سپریم کورٹ میں اپنا جواب داخل کرادیا ہے جس میں انہوں نے انتخابی مہم کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی سے  رقم لینے کے الزامات مسترد کردیئے ہیں۔

میڈ یا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ میں نواز شریف نے اپنے وکلا  کی جانب سے 4صفحات پر مشتمل جواب نامہ داخل کرایا جس میں نواز شریف کا کہنا ہے کہ  انہوں نے کبھی بھی اسد درانی سے 35یا 25لاکھ روپے انتخابی مہم کے دوران وصول نہیں کئے اور نہ ہی انہوں نے کبھی ڈی جی آئی ایس آئی کے کسی نمائندے سے کوئی رقم وصول کی ہے ۔جواب میں کہا گیا کہ نواز شریف نے 14اکتوبر 2015کو بھی ایف آئی اے میں اس حوالے سے بیان حلفی جمع کرایا تھا ۔نوازشریف نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ انہوں نے یونس حبیب یا ان کی ہدایت پر بھی کسی سے 35 یا 25 لاکھ روپے نہیں لیے اور نہ ہی 1990 کے الیکشن میں مہم چلانے کے لیے ڈونیشن کے نام پر کوئی رقم لی گئی۔نوازشریف کی جانب سے 4 صفحات پر مشتمل جواب داخل کیا گیا ہے جس میں سے 3 صفحات جواب پرمشتمل ہیں جب کہ ایک بیان حلفی لگایا گیا ہے جس میں (ن) لیگ کے قائد کی جانب سے بیان کی تصدیق کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس کی گزشتہ سماعت پر سابق وزیراعظم نوازشریف کو عدالت طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہ ہوئے جس پرعدالت نے نوازشریف کو وکیل کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کیس کے فریقین کو ایک ہفتے میں جواب داخل کرنے کا حکم دیاتھا ،کیس کی آئندہ سماعت 12 جون کو ہو گی ۔

مزید : اہم خبریں /قومی