تحریک انصاف نے خیبر پختونخواہ سے افسر کے رشتے دار کو ٹکٹ دے دیا کہ الیکشن سے قبل ہی بڑے شکوک و شبہات پیدا ہو گئے
ایبٹ آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک بھر میں آئندہ عام انتخابات کی آمد آمد ہے اور ملک میں سیاسی گرمی بھی بڑھ رہی ہے ،ایک طرف تحریک انصاف لیگی قیادت پر کرپشن کا الزام لگا کر اپنی مہم سازی کر رہی ہے تو دوسری جانب لیگی قیادت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب کے نگران وزاعلیٰ کے طور پر حسن عسکری کے تقرر کو دھاندلی قبل از انتخابات قرار دے دیا ہے ۔ادھر تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے امید واروں کو ٹکٹ دینے کا سلسلہ جاری ہے ،اس موقع پر تحریک انصاف ٹکٹوں کے معاملے پر بوکھلاہٹ کا شکار دکھائی دے رہی ہے ۔نجی نیوز چینل سماءنیوز کے مطابق تحریک انصاف نے خیبر پختونخواہ کی صوبائی نشست کے لیے چیف الیکشن کمشنر کے کزن کو ٹکٹ دے دیا ہے ۔بتا یا جا رہا ہے کہ ایبٹ آباد سے صوبائی نشست پی کے 37سے تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر کے کزن وقار نبی کو صوبائی حلقے کا ٹکٹ دے دیا ہے ۔سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ نگرا ں وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری کے تقرر کے بعد ن لیگ پہلے ہی الیکشن کمیشن پر انگلیاں اٹھا رہی ہے ،اب تحریک انصاف کے اس اقدام کے بعد انہیں ایک بار پھر تنقید کا موقع مل گیا ہے ۔