پنجاب میں بدستور شریف انتظامیہ کاراج ، تمام رپورٹس جاتی امراءمیں پیش کی جاتی ہیں، تجزیہ کاروں کا دعویٰ

پنجاب میں بدستور شریف انتظامیہ کاراج ، تمام رپورٹس جاتی امراءمیں پیش کی جاتی ...

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ پنجاب میں اس وقت بھی شہباز شریف انتظامیہ اپنی جگہ پر موجود ہے اور تمام رپورٹس رات کوجاتی امراءمیں پیش کی جاتی ہیں۔ ریحام خان کی کتاب مبالغہ آرائی پرمشتمل ہے جو کسی اور سے لکھوائی گئی ہے کیونکہ وہ خود اتنی اہلیت نہیں رکھتیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”تھنک ٹینک “ میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار ایاز میر نے کہا ہے کہ ملک میں جو موجودہ سیاسی صورتحال ہے اس سے بہتر سیاسی ماحول تحریک انصاف کونہیں مل سکتا ۔ مسلم لیگ ن کے قلعہ میں دراڑیں پڑی ہیں لیکن وہ اپنی جگہ پر موجودہے ۔ تحریک انصاف کو اس وقت ریحام خان کی کتاب اوراس سے ہونیوالے ردعمل سے مشکلات کا سامنا ہے ۔ پنجاب میں موجو د انتظامیہ اس وقت بھی شہباز شریف انتظامیہ ہے۔ اب بھی تما م رپورٹس رات کو جاتی امراءمیں پیش کی جاتی ہیں۔شریف انتظامیہ ساری کی ساری اب بھی موجود ہے ۔

تجزیہ کاررسول بخش رئیس نے کہا ہے کہ ہوا کا رخ اس وقت عمران خان کی طرف ہے اور سیاسی خاندان ہوا کارخ دیکھتے ہیں اور ان کے تحریک انصاف میں شامل ہونے سے تحریک انصاف ایک طاقتور پارٹی کے طور پر ابھری ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں لوگ سیاسی جماعتوں کے پاس جاتے ہیں لیکن پاکستان میں صورتحال مختلف ہے۔ یہاں پارٹیاں خود سیاسی لوگوں کوتلاش کرتی ہیں کہ کون سیٹ نکال سکتا ہے ۔ جنوبی پنجاب میں کوئی امیدوار ہار کے خوف سے پیپلزپارٹی کا نام لینے پر تیار نہیں ۔ ن لیگ کا اثر وسطی پنجاب میں موجود ہے لیکن اب کس حد تک وہ اپنا اثر برقرار رکھتے سکتے ہیں یہ وقت بتائے گا ۔ تحریک انصاف نے جو فیصلے کئے ہیں پاکستان کے معروضی حالات کوپیش نظر رکھتے ہوئے کئے اور اس کو حالات سے سمجھوتہ بھی کہا جا سکتا ہے ۔

تجزیہ کارہارون الرشید نے کہاکہ عمران خان کیخلاف کتاب ریحام خان نے نہیں لکھی بلکہ کسی سے لکھوائی گئی ہے ۔ یہ کتاب سراسر جھوٹ کاپلندہ ہے اور اس میں مبالغہ اتنا ہے کہ صاف محسوس ہوتا ہے کہ اس میں کوئی حقیقت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے وہ رد عمل آیا ہے وہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی عدم تربیت کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں کارکنوں کی تربیت پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اس لئے ایسا ہی ردعمل متوقع تھا جو آیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اورریحام خان کی شادی کسی محبت کانتیجہ نہیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ نہ ریحام کو عمران خان سے محبت تھی اورنہ عمران خان کو اس سے محبت تھی ۔

مزید : قومی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...