صا ف و شفاف الیکشن نگران حکومت کا ایک امتحان ،کرپشن کے خاتمہ کی چابی اب ووٹر کے پاس ہے:سینیٹر سراج الحق

صا ف و شفاف الیکشن نگران حکومت کا ایک امتحان ،کرپشن کے خاتمہ کی چابی اب ووٹر ...
صا ف و شفاف الیکشن نگران حکومت کا ایک امتحان ،کرپشن کے خاتمہ کی چابی اب ووٹر کے پاس ہے:سینیٹر سراج الحق

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ صا ف و شفاف الیکشن نگران حکومت کا ایک امتحان ہے، سیاسی جماعتوں نے دوبارہ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کو ٹکٹ دے کر ثابت کردیاہے کہ وہ تبدیلی نہیں چاہتیں بلکہ اسٹیٹس کو کی قوتوں کو ہی عوام کی گردن پر مسلط رکھنا چاہتی ہیں،جن کا احتساب ہونا چاہیے تھا ان کو نوازا جارہاہے ،کرپشن کے خاتمہ کی چابی اب ووٹر کے پاس ہے،متحدہ مجلس عمل نے کسی کرپٹ آدمی کو ٹکٹ نہیں دیا ۔

منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئےسینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سابقہ حکومت نے سارا گند قالین کے نیچے جمع کردیاہے ،مصنوعی اکانومی کے چینلز پر بلند و بانگ دعوے کر کے عوام کو اندھیرے میں رکھا گیا اور معاشی ترقی اور خوشحالی کے اربوں روپے کے اشتہارات دیئے گئے لیکن حکمرانوں کے جاتے ہی منصوعی ترقی کے غبارے میں سے ہوانکل گئی اور حکمرانوں نے ڈھٹائی سے کہنا شروع کر دیا کہ ہم نے تو بجلی پوری کر دی تھی اب لوڈشیڈنگ کے ذمہ دار نگران حکمران ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا کچومر نکال دیاہے اور بجلی کی طویل بندش کی وجہ سے رمضان المبارک میں مساجد میں وضو کے لیے پانی دستیاب ہے نہ روزہ داروں کو افطای اور سحری اطمینان سے کرنا نصیب ہوتی ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ایک ویلفیئر اسلامی ریاست کے بغیر عام پاکستانی کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا ،دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل نے دیانتدار اور باکردار نمائندے عوام کے سامنے پیش کر دیے ہیں،متحدہ مجلس عمل کے کسی امیدوار کا دامن کرپشن اور کمیشن کے گند سے آلودہ نہیں جبکہ کئی کئی بار حکومت کرنے والی جماعتوں نے ایک بار پھر وہی امیدوارکھڑے کیے ہیں جو اس ساری صورتحال اور خرابیوں کے ذمہ دار ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عوام دوبارہ روایتی سیاستدانوں اور بار بار آزمائے ہوؤں کے چنگل میں پھنسنے کی بجائے متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دیں تاکہ ملک سے کرپشن کے ناسور کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جاسکے اور عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتیں مہیا کی جاسکیں ۔ دوسری طرف  خیبر پختونخوا کے نگران وزیراعلیٰ جسٹس (ر)دوست محمد نے سینیٹر سراج الحق کو فون کیا ۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے جسٹس (ر)دوست محمد اور ان کی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہاکہ نگران سیٹ اپ شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد سے ایک اچھی روایت قائم کر سکتاہے ۔ 

مزید : قومی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...