افغانستان نے بلائنڈ کرکٹ کےلئے پاکستان سے مدد طلب کرلی

افغانستان نے بلائنڈ کرکٹ کےلئے پاکستان سے مدد طلب کرلی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے پی پی) افغانستان نے ملک میں بلائنڈ کرکٹ شروع کرنے کےلئے پاکستان سے مدد مانگ لی ہے۔ اس حوالے سے افغانستان کا ایک وفد پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کےلئے رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی ) کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ افغانستان کے ڈائریکٹر بلائنڈ کرکٹ ڈویلپمنٹ سمیم نے پی بی سی سی سے رابطہ کیا ہے کہ وہ افغانستان میں بلائنڈ کرکٹ شروع کرنے کے حوالے سے ان کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس حوالے سے انہیں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ افغانستان کے کھلاڑی اور آفیشل کو پاکستان بلا کر انہیں یہاں پر تربیت کا انتظام کیا جائے گا اور انہیں سپورٹس میٹریل بھی فری آف کاسٹ فراہم کیا جائے گا۔ سید سلطان شاہ نے کہا کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کےلئے افغانستان کی بلائنڈ ٹیم کا ایک وفد رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گا اور وہ افغانستان میں بلائنڈ کرکٹ کے فروغ اور بہتری سمیت وہاں پر بلائنڈ کرکٹ شروع کرنے کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔