چنیوٹ ،عید الفطر کی چھٹیاں ختم ،پردیسی مسافروں نے لاری اڈوں کا رخ کر لیا

 چنیوٹ ،عید الفطر کی چھٹیاں ختم ،پردیسی مسافروں نے لاری اڈوں کا رخ کر لیا

چنیوٹ(نمائندہ پاکستان)عید الفطر کی چھٹیاں ختم ہوتے ہی پردیسی مسافروں نے کاروبار اور روزگار کے سلسلہ میں مختلف شہروں کو جانے کے لیے لاری اڈوں کا رخ کر لیا ، تفصیلات کے مطابق عید الفطر کی تین چھٹیاں ختم ہوتے ہی چنیوٹ کے تمام پردیسی مسافر اپنے اپنے گھروں سے روزگار اور کاروبار کے سلسلے میں اپنی فیملیوں کے ساتھ مختلف شہروں کی طرف جانے کے لیے شہر کے بس اسٹینڈوں پر پہنچ گئے، بس اسٹینڈوں پر مسافروں کی بڑی تعداد موجود ہے جن میں بچے بوڑھے جوان اپنے سامان کے ساتھ گاڑیوں کا انتظار کررہے ہیں، عید سے قبل مسافروں کے چہروں پر خوشی اور رونق تھی ،وہ اپنوں سے بچھڑتے ہوئے ماند دیکھائی دینے لگے خصوصاً بچے اپنے بزرگوں سے دور جاتے ہوئے کافی مایوس اور پریشان دیکھائی دے رہے ہیں، بس اسٹینڈوں پر رش ہونے کی وجہ سے بکنگ فل ہونے ،گاڑیوں کی کمی اور مالکان کی جانب سے کرایہ جات کی زائد وصولی پر مسافر کافی پریشان دیکھائی دے رہے ہیں،اس موقع پر مسافروں کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے اڈا مالکان اس موقع کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے زائد کرایہ جات وصول کررہے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ زائد کرایہ جات کی وصولی پر کنٹرول کمیٹیاں بنائے جو تمام بس اسٹینڈ لاری اڈوں کی چیکنگ کے عمل کو یقینی بنائے تاکہ مسافروں کی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔

مزید : علاقائی


loading...