شہباز شریف کی آج وطن واپسی،پارلیمانی پارٹی اور اکنامک ایڈوائزری کونسل کے اجلاس طلب

  شہباز شریف کی آج وطن واپسی،پارلیمانی پارٹی اور اکنامک ایڈوائزری کونسل کے ...

اسلام آباد/لندن(آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف آج وطن واپس پہنچیں گے، پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل پارلیمینٹ ہاؤس میں طلب کر لیا جبکہ اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اجلاس 12 جون کو بلا لیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی آج وطن واپسی ہو گی مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے اپنے صدر کے استقبال کیلئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔اس حوالے سے مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک جاری بیان میں بتایا کہ پی ایم ایل این کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل (سوموار کو) پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا جبکہ شہباز شریف نے اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اجلاس 12 جون کو طلب کر لیا ہے جس میں ملک کی معاشی صورت حال پر تفصیلی غور کیا جائے گا اور مہنگائی، بیروزگاری سمیت دیگر معاشی امور بھی اجلاس میں زیر غور آئیں گے۔دوسری جانب نجی ٹی وی سے گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے،مہنگائی کے طوفان نے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے ان حالات میں عوام سے دور نہیں رہ سکتے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ججز کے خلاف ریفرنس فوری واپس لے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وطن واپس پہنچ کر اسلام آباد میں پارٹی کے ذمہ داران سے مشاورت ہوگی، اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں بجٹ اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آمدہ بجٹ میں نیازی حکومت سے خیر کی کوئی توقع نہیں ہے ان کی نااہلی کے باعث معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے،بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کر کے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں صرف مسلم لیگ (ن) کا احتساب ہو رہا ہے،نیازی کے دونوں طرف کرپٹ لوگوں کا ہجوم ہے لیکن اس کو نظر نہیں آرہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کو فوری طور پر ججوں کے خلاف ریفرنس کو واپس لینا چاہیے،عدلیہ کے خلاف سازش تیارکی جای رہی ہے ہم وکلاء تنظیموں  کے ساتھ کھڑے ہیں۔بعدازاں پاکستان روانگی سے قبل ہیتھرو ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں شہبازشریف نے کہا کہ تمام میڈیکل ٹیسٹ کلیئر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی کے باعث معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی جبکہ ہماری نیک نیتی کا مذاق اڑایا گیا۔انہوں نے کہا کہ منگل کو پارٹی کے ذمہ داران سے مشاورت ہوگی، اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں بجٹ اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی طے ہو گی۔قبل دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میاں شہبازشریف نے کہا تھاکہ ابھی علاج مکمل نہیں ہوا ،ڈاکٹروں کے روکنے کے باوجود وطن واپس جارہا ہوں۔

شہباز شریف 

مزید : صفحہ اول


loading...