شمالی وزیرستان،بم دھماکے میں 2جوان شہید،سانحہ خڑ کمرکے شہداء پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک
بنوں (صباح نیوز)شمالی وزیرستان میں دوسرے روز بھی دہشتگردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز کونشانہ بنایا گیااور علاقہ بویہ دیگان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب زوردار دھماکہ کیا گیا جس کے نتیجہ میں گا ڑی میں سوار سکیورٹی فورسز کے دوجوان شہید اور تین زخمی ہوگئے، شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار نور محمد اور سپاہی رضا محمد شامل ہیں زخمی اہلکاروں میں سپاہی صدام، سپاہی وقاص اور سپاہی راحت شامل ہیں،واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے شہداء کے جسد خاکی اور زخمی جوانوں کو ہسپتال منتقل کر کے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
دھماکہ
گلگت،لکی مروت،جڑانوالہ، فیصل آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) شمالی وزیر ستان میں بارودی سرنگ دھماکے میں شہیداء کو ان کے آ بائی علاقوں میں پورے فوجی اعزا ز کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ کی نماز جنازہ گلگت میں ادا کر دی گئی،نماز جنا زہ کے بعد شہید کی میت آبائی گاوَں ہنزہ بھیجی گئی جہاں انہیں سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا،نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستا ن،لیفٹیننٹ جنرل شیر افگن اورشہریوں نے شرکت کی،پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ کو سلامی دی۔ کیپٹن عارف اللہ کی نمازجنازہ لکی مروت میں ادا کی گئی جس میں جی او سی 9 ڈویژن اسد نواز سمیت اعلی فوجی و سول افسران اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شہید لا نس حوالدار ظہیر عباس کا جنازہ چکوال کے علاقے بلکسر میں ادا کر دیا گیاجس میں آرمی اہلکاروں سمیت علاقے کے ہزاروں افراد نے شرکت کی بعدازاں انہیں فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا، شہید ظہیر عباس شادی شدہ تھے سوگواران میں شیرخواربچی،بیوہ، بہن بھائی اور ماں باپ شامل ہیں، اس موقع پر آرمی چیف،صدر اوروزیراعظم کی جانب سے مزار پر پھولوں کے گلدستے رکھے گئے اور سبز ہلالی پرچم لہرایاگیا۔چالیس سالہ ظہیر عباس کے والد محمد اشرف بھی فوج سے ریٹائرڈ ہیں، شہید کے والدنے میڈیا سے گفتگو میں کہا مجھے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے ملک کی حفاظت کیلئے اپنی جان کا نزرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ دریں اثناء شمالی وزیر ستان میں شہید ہونیوالے پاک فوج کے سپاہی محسن علی کی نمازجنازہ فیصل آباد میں ان کے آبائی گاؤں پٹھان والی میں ادا کی گئی اور فوج اعزاز کیساتھ سپرد خاک کر دیا گیا،آرمی چیف کی جانب سے شہید کے مزار پر پھول رکھے گئے،اس موقع پرشہید کے والد منظور احمد کا کہنا تھا مجھے اپنے بیٹے کی وطن کیلئے دی گئی قربانی پر فخر ہے، وطن کی حرمت و بقا کیلئے ہمارے خون کا آخری قطرہ بھی حاضر ہے۔
شہداء سپردخاک