دہشتگرد اور سہلوت کار دھرتی پر بوجھ،وطن عزیز کو مل کر امن کا گہوارہ بنانا ہوگا،عثمان بزدار

  دہشتگرد اور سہلوت کار دھرتی پر بوجھ،وطن عزیز کو مل کر امن کا گہوارہ بنانا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے شمالی وزیرستان کے علاقے خاڑ کمر میں پاک فوج کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنانے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے اپنی قیمتی جانیں وطن کے امن کیلئے قربان کی ہیں اور ہم شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اوریہ لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گرداور ان کے سہولت کار پاک دھرتی پر بوجھ ہیں لہٰذاوطن عزیز کو مل کر امن کا گہوارہ بنانا ہو گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک بیان میں شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور جوان کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ شہید، میجر معیز مقصود شہید، کیپٹن عارف اللہ شہید اور لانس حوالدار ظہیر احمد شہید نے قوم کے کل کو محفوظ بنانے کیلئے اپنا آج قربان کیا ہے اورقوم ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شکست اور ہزیمت سے دوچار دشمن کی بزدلانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے جبکہ دہشت گرد اور ان کے سرپرست بدترین سزا کے مستحق ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے عوام شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہوں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عیدالفطر کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے شاندار سکیورٹی انتظامات پر پولیس اور قانون نافذکرنیوالے اداروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی اداروں نے عید کے تینوں روز عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنے فرائض بطریق احسن سرانجام دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اداروں اور محکموں کے ساتھ متعلقہ ایجنسیوں کی کوآرڈی نیشن بہترین رہی جبکہ اسی جذبے، محنت اور عزم کے ساتھ آئندہ بھی قیام امن کیلئے کام کرنا ہے۔ 
عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -