کراچی کے شہری جھوٹے، جعلی پیغامات پر کان نہ دھریں، سندھ حکومت

کراچی کے شہری جھوٹے، جعلی پیغامات پر کان نہ دھریں، سندھ حکومت

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ حکومت نے کراچی میں گرمی کی شدت انتہائی بڑھنے سے متعلق چلنے والے میسج کی تردید کردی۔کراچی میں گزشتہ ماہ سے گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور شہر کا پارہ 41 سینٹی گریڈ کو بھی چھو چکا ہے جبکہ شہر میں شدید حبس اور گرمی آئندہ دنوں میں بھی برقرار رہے گی۔دوسری جانب کراچی میں گرمی کے حوالے سے ایک جعلی میسج بھی گردش کررہا ہے جس میں سندھ حکومت کا حوالہ دے کر ایک الرٹ جاری کیا گیا ہے۔الرٹ میں بتایا گیا ہے آئندہ چار روز میں کراچی کا درجہ حرارت 50 سے 55 ڈگری تک رہے گا، شہری صبح 9 سے دوپہر 4 بجے تک باہر نہ نکلیں اور کم سے کم 8 سے 9 لیٹر تک پانی کا استعمال کریں جبکہ اس پیغام کو مزید پھیلانے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔سندھ حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا پر گھومنے والے اس میسج کی تردید کی گئی ہے۔اس حوالے سے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا سوشل میڈیا اور واٹس ایپ پر گردش کرنے والے پیغام کو سندھ حکومت نے جاری نہیں کیا اور نہ ہی کوئی ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ شہری اس طرح کے جھوٹے اور جعلی پیغامات پر کان نہ دھریں۔ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کراچی والوں کو شدید گرمی مزید کچھ دن برداشت کرنی ہوگی، شہریوں کو 10اور 11جون تک گرم اور مرطوب موسم کا سامنا کرنا ہوگا تاہم20جون سے موسم بہتر ہونا شروع ہوجائے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدت میں فی الحال کمی کا کوئی امکان نہیں۔10اور 11جون تک شہریوں کو گرم اور مرطوب موسم کا سامنا کرنا ہوگا۔20جون سے موسم بہتر ہونا شروع ہوجائے گا،شہر میں سمندری بادل اور سمندری ہوائیں بسیرا کرلیں گی اور صبح اور شام میں بوندا باندی کا آغاز بھی ہوجائے گا۔

سندھ حکومت

مزید : علاقائی


loading...