بھارت کیساتھ کشمیر، دہشتگردی سمیت تمام معاملات پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں، پاکستان

بھارت کیساتھ کشمیر، دہشتگردی سمیت تمام معاملات پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں، ...

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں) پاکستان نے ایک بار پھر اپنے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ وہ انڈیا کیساتھ کشمیر، دہشت گردی اور تجارت سمیت تمام معاملات پر بات چیت کیلئے ہر وقت تیار ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک نجی ٹی وی کیساتھ گفتگو کر تے ہوئے کہا وزیر اعظم پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران انڈیا کے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کیلئے تیار ہیں۔عمران خان کی جانب سے انڈیا کے وزیر اعظم کو خط لکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا عمران خان نے نریندر مودی کو لکھے گئے خط میں تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان کئی مرتبہ انڈیا کو پیشکش کرچکے ہیں کہ وہ اگر تعلقات میں بہتری کیلئے ایک قدم اٹھائیں گے تو پاکستان دو قدم اٹھائے گا۔وزیر اعظم کی پیشکش کے جواب کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا یہ تو انڈیا ہی بتا سکتا ہے آیا وہ پاکستان کیساتھ مسائل کے حل کیلئے بات چیت کرنے کو تیار ہے یا نہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا وزیراعظم پاکستان مودی کیساتھ کہیں بھی اور کسی بھی فورم پر ملاقات اور بات چیت کیلئے تیار ہیں۔خیال رہے عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد نریندر مودی کو دوسری مرتبہ امن مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔ انہو ں نے اپنے حالیہ خط میں مودی کو ایک بار پھر وزیر اعظم بننے اور انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی کامیابی پر مبارک باد بھی دی ہے۔اپنے خط میں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو اپنے اختلافات دور کرنے چاہیئں جبکہ اس سے قبل لکھے گئے خط میں انہوں نے بھارت کے مطالبے پر دہشت گردی کے مسئلے پر بات چیت کرنے کے لیے رضا مندی کا اظہار کیا تھا۔وزیراعظم نے ا پنے خط میں پاکستان کی پڑوسی ممالک کے ساتھ امن کی پالیسی اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کے لیے کام کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔اس کے علاوہ وزیراعظم نے اپنے خط میں باہمی احترام اور بھروسے کے ساتھ غربت اور دونوں ممالک کے عوام کو درپیش دیگر مسائل کا سامنا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔خیال رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی لوک سبھا انتخابات میں جیت کے اعلان کے فورا بعد عمران خان نے مودی کو ٹویٹ کے ذریعے بھی مبارک باد دی تھی۔ گزشتہ مہینے عمران خان نے مودی کو فون بھی کیا تھا اور انتخابات میں جیت کی مبارکباد دیدی تھی۔

پاکستان

مزید : علاقائی


loading...