حکومتی ایماء پر ایماندار اصول پسند ججز کیخلاف بھی کارروائی شروع کی گئی:امیر مقام

حکومتی ایماء پر ایماندار اصول پسند ججز کیخلاف بھی کارروائی شروع کی گئی:امیر ...

چارسدہ (بیو رو رپورٹ) مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر امیر مقام نے کہا ہے کہ حکومت کے اشارے پر اب ایماندار اور اصول پسند ججز کے خلاف بھی کاروائی شروع کی گئی۔اپوزیشن کے تحریک میں تحریک انصا ف کے کارکن بھی شرکت کریں کیونکہ کپتان نے جو خواب کارکنوں کو دکھائے تھے وہ سب جھوٹ کا پلندا ثابت ہوئے۔ نیب کو بی آر ٹی،مالم جبہ اور بلین ٹری سونامی میں اربوں روپے کی کرپشن نظر نہیں آرہی۔وہ عمرزئی علی جان کلی میں تین بھائیوں کے تہرے قتل کیس کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا  سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع ایم پی اے ثوبیہ، مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر میاں ہمایون شاہ، حاجی ساجد گل اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ امیر مقام نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ مقتولین کی والدہ اور یتیم ہونے والے آٹھ بچوں سے ملاقات کی اور ان ہر قسم تعاون کا یقین دلایا۔ میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ پارٹی کے مرکزی صدر شہباز شریف تہرے قتل کیس کو پارلیمنٹ میں اٹھائینگے اور اس حوالے سے عنقریب تحریک التواء جمع کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ بااثر جاگیر دار کے ہاتھوں تین بے گناہ بھائیوں کے بہیمانہ قتل پر ریاست مدینہ کے حکمران خاموش ہیں۔ آج تک وزیر اعظم اور نہ وزیر اعلی نے متاثرہ خاندان سے اظہار تعزیت کے لئے چارسدہ آنے کی تکلیف کی۔ انہوں نے کہا کہ اپو زیشن کی تحریک حکومت کے خلاف بلکہ ملک کی بقاء کیلئے ہے۔ تحریک انصاف کے کارکن بھی تحریک میں بڑھ چڑھ کر شامل ہو جائے کیونکہ ریاست مدینہ کے خلیفہ نے جو وعدے اور دعوے کئے تھے وہ سب جھوٹے ثابت ہو ئے۔ انہوں نے نیب پر تنقید کی اور کہا کہ نیب کے ہاتھوں سیاستدانوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔ نیب کو باقاعدہ حکومت کی طرف سے مراسلے ارسال کئے جاتے ہیں کہ فلاں فلاں سیاستدان کے خلاف کاروائی کی جائے۔ انہوں نے وزیرستان میں شہید ہونے والے فوجی افسران کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج نے ملک میں قیام امن کیلئے بڑی قربانیاں دی ہے۔ پی ٹی ایم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان ہمارا نعرہ ہے۔ پاکستان ہو تو اس میں سیاست، احتجاج اور مطالبات کئے جاسکتے ہیں۔ عمران خان پاکستان کا نالائق بیٹا ہے جنہوں نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کیا ہے۔ نیب کو بی آر ٹی،مالم جبہ اور بلین ٹری سونامی میں اربوں روپے کی کرپشن نظر نہیں آرہی مگر اپو زیشن کے لیڈروں کو عدالتوں میں گھسیٹا جا رہا ہے۔ 

مزید : صفحہ اول


loading...