فاروق ستار کی پارٹی دھڑوں کو یکجاکرنے کیلئے ”متحدہ قومی فورم“تشکیل دینے کی تجویز
کراچی(آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سابق رہنما فاروق ستار نے پارٹی کے مختلف دھڑوں کو یکجا کرکے متحدہ قومی فورم‘ بنانے کی تجویز دے دی۔تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ایسے اکابرین جو سندھ کے شہری علاقوں میں گزشتہ 35-40 سالوں سے سیاست کررہے ہیں وہ ایک جگہ بیٹھیں چاہے وہ کوئی بھی ہوں۔ انہوں نے تجویز دی کہ متحدہ قومی فورم بنایا جائے، یہ کسی سیاسی جماعت کی بات نہیں ہورہی بلکہ مختلف پارٹیوں کے سینئر رہنما بیٹھیں اور اپنی اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں۔ مردم شماری میں شہری سندھ کی آبادی ہمیشہ کم دکھائی جاتی ہے، اس طرح دیہی سندھ سے آپ کی آبادی کبھی زیادہ نہیں ہوگی حالانکہ حقیقت میں اب یہ زیادہ ہوچکی ہے، اس طرح آپ کا وزیراعلیٰ کبھی نہیں بن سکے گا۔ سندھ کے شہری علاقوں کو آج بھی وہی مسائل درپیش ہیں جو 1984 اور 85 میں تھے جن میں احساس محرومی، احساس بیگانگی اور احساس عدم تحفظ شامل ہیں۔فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی ترقی کا انجن ہے، ہم یہاں آپ ایک مرتبہ پھر بدامنی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ سندھ میں نیا صوبہ بنانے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے تمام دھڑے یہاں لسانی نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر تقسیم کی بات کرتے ہیں۔
متحدہ قومی فورم