انڈیا نے آسٹریلیا کو اتنے رنز سے شکست دے دی کہ کپتان سرفراز احمد ابھی سے حکمت عملی تیار کرنا شروع کردیں گے

انڈیا نے آسٹریلیا کو اتنے رنز سے شکست دے دی کہ کپتان سرفراز احمد ابھی سے حکمت ...
انڈیا نے آسٹریلیا کو اتنے رنز سے شکست دے دی کہ کپتان سرفراز احمد ابھی سے حکمت عملی تیار کرنا شروع کردیں گے

  


لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ورلڈ کپ 2019 کے 14 ویں راؤنڈ میچ میں انڈیا نے آسٹریلیا کودلچسپ مقابلے کے بعد 36 رنز سے شکست دے دی،بھارت نے آسٹریلیا کو جیت کے 353 رنز کا ہدف دیا تاہم کینگروز 50 اوورز میں 316 رنز بناکر ہمت ہار بیٹھے اور ساری ٹیم  آؤٹ ہوگئی،رواں ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو بھارت کے ہاتھوں یہ پہلی شکست ہے،شیکھر دھون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ 

انڈیا کے 353 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی ٹیم نے انتہائی محتاط انداز میں بلے بازی کا آغاز کیا اور رنز بنانے کے بجائے وکٹیں بچانے کو ترجیح دی لیکن یہ پالیسی کینگروز کے کام نہ آئی اور وہ اہم ترین میچ ہار گئے۔ آسٹریلین ٹیم پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 50 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ 69 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 56 رنز کی اننگ کھیلی۔ پاکستانی نژاد آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ نے 42 ، کپتان ایرون فنچ نے 36 اور گلین میکسویل نے 28 رنز بنائے۔ آخری وقت میں آسٹریلوی بلے باز ایلکس کیری نے میچ کیلئے پوری جان لڑائی لیکن ان کا ساتھ دینے کیلئے کوئی بھی بلے باز کریز پر نہیں ٹک سکا اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی آؤٹ ہوتا گیا۔ انہوں نے 55 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے بھونیشور کمار اور جسپریت بمراہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ  یزویندرا چاہل کے حصے میں 2، 2 وکٹیں آئیں۔

قبل ازیں لندن میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ انڈین ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔ انڈیا کی جانب سے اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھون نے آسٹریلین گیند بازوں پر بھرپور لاٹھی چارج کیا اور ٹیم کو 127 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ یہ پارٹنر شپ مزید بھی لمبی چل سکتی تھی لیکن روہت شرما 57 رنز بنا کر کولٹر نیل کاشکار بن گئے۔ انڈیا کے دوسرے اوپنر شیکھر دھون نے 117 رنز کی اننگ کھیلی اور ٹاپ سکورر رہے۔

بھارتی ٹیم کی جانب سے ون ڈاؤن آنے والے کپتان ویرات کوہلی نے بھی ذمہ دارانہ اننگ کھیلی اور 82 رنز بنائے ، وہ اونچا کھیلنے کے چکر میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ٹیم انڈیا کے ہردیک پانڈیا نے 48 اور وکٹ کیپر بلے باز ایم ایس دھونی نے 27 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے مارکس سٹوئنس نے 2 انڈین کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ کمنز، سٹارک اور کولٹر نیل کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ضرور پڑھیں: ڈالر سستا ہو گیا

واضح رہے کہ یہ رواں ورلڈکپ میں آسٹریلیا کی پہلی ناکامی ہے۔ آسٹریلیا نے میگا ایونٹ میں تین میچز کھیل لیے ہیں جن میں سے دو میں اسے کامیابی اور ایک میں شکست ہوئی ہے۔بھارت نے اپنے دونوں میچز جیت لیے ہیں اور چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ پہلے نمبر پر نیوزی لینڈ اور دوسرے پر انگلینڈ ہے۔ ایونٹ میں کل(سوموار کے روز ) ساؤتھ افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ کھیلا جائیگا ۔

مزید : کھیل /اہم خبریں


loading...