شاہ زیب قتل کیس ،شاہ رخ جتوئی سمیت تمام ملزم رہا

شاہ زیب قتل کیس ،شاہ رخ جتوئی سمیت تمام ملزم رہا
شاہ زیب قتل کیس ،شاہ رخ جتوئی سمیت تمام ملزم رہا

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے ڈیفنس میں وڈیرے نوجوان  شاہ رخ جتوئی کے ہاتھوں قتل ہونے والے شاہ زیب کے تمام مجرموں کو ضماتیں منظور ہونے پر جناح ہسپتال کراچی سے رہا کر دیا گیا،شاہ رخ جتوئی اور دیگر ملزموں کو سیشن عدالت کے جج نےضمانتیں منظور ہونے کے بعد رہائی کے احکامات جاری کئے،سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے ملزم شاہ رخ جتوئی اور دیگر کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے کیس سماعت کے لئے سیشن جج کے پاس بھیجنے کا حکم دیا تھا جبکہ عدالت نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات بھی ختم کردی تھیں۔

مقتول شاہ زیب کے والد جو انتقال کر چکے ہیں نے عدالت میں بیان ریکارڈ کروایا تھا   کہ بیٹے کے قتل کے بعد ملزمان کے اہلخانہ سے صلح ہوگئی تھی گھر والوں کی مرضی سے ملزمان کے اہلخانہ سے صلح کی اور شاہ زیب کے قاتلوں کو اللہ کی رضا کے لیے معاف کیا اس لیے ملزمان کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں،انہوں نے عدالت میں ملزمان کی ضمانت پر رہائی اور مقدمہ ختم کرنے کی بھی درخواست دائر کی تھی۔عدالت نے درخواست ضمانت پر سماعت کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے کیس کے مبینہ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی، نواب سراج علی تالپور، سجاد تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری کی ضمانتیں منظور کرلیں۔عدالت نے چاروں ملزمان کو 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جو جمع کرانے کے بعد رہائی کے احکامات جاری کردیئے گئے۔سیشن عدالت نے کیس کے مبینہ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کی غیر قانونی اسلحہ کیس میں بھی ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی،عدالت کی جانب سے ضمانت منظور کیے جانے اور ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد ملزمان کی رہائی کا حکم جاری کردیا گیا اور فوری ملزمان کو جناح ہسپتال سے رہا بھی کر دیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ 20 سالہ نوجوان شاہ زیب خان کو دسمبر 2012 میں ڈیفنس کے علاقے میں شاہ رخ جتوئی اور اس کے دوستوں نے معمولی جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی