کورونا پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایاجائے،سمیرا کومل
لاہور(لیڈی رپورٹر)کورونا کیسز میں اضافے پر فوری مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کرنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع،قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔کورونا کے باعث اموات میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل سٹاف،نرسز اور پولیس اہلکار کورونا کے باعث اپنی جانب کی بازی ہار رہے ہیں۔تین ماہ بعد بھی حکومت طبی عملے اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو حفاظتی کٹس فراہم نہیں کرسکی۔
لاک ڈاؤن میں نرمی کا فیصلہ قوم کیلئے خطرے کا باعث بن گیا ہے۔ایک ہزار سے زائد ڈاکٹرز قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ فوری طور پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کیا جائے۔ملک بھر میں فوری کورونا ایمر جنسی نافذ کی جائے۔طبی عملے سمیت سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں۔