موجود ہ حالات میں پوری قوم کو اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا،جمشید چیمہ
لاہور(نمائندہ خصوصی)انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ موجودہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے اتحاد دکھانے کاہے لیکن بد قسمتی سے کچھ اپوزیشن رہنماؤں کو آج بھی اپنی سیاست چمکانے کی فکر پڑی ہے، کوروناوائرس کے حملے نے بڑی بڑی معیشتوں کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں، حکومت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے،عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن وسائل مختص کر رہی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بروقت اور اپنے وسائل سے بڑھ کر عملی اقدامات کی تعریف کی بجائے تنقید کرنے والوں کواپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔ جو کئی دہائیوں سے حکومتیں کر رہے تھے وہی آج وینٹی لیٹرز کی کمی پر تنقید کر رہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، محدود وسائل کے باوجود حکومت نے کوروناوائرس کے حوالے سے پیشگی تیاریاں کیں اوراس سلسلہ میں اربوں روپے کا سامان خریدا گیا ہے جن میں وینٹی لیٹرز کے آرڈ ر بھی شامل ہیں۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے حالیہ دنوں میں ہر شعبے کو ریلیف دینے کیلئے جس طرح کے عملی اقدامات کئے ہیں اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ آج ملک میں عوامی حکومت ہے۔ وزیر اعظم عمران خان عوام سمیت ہر شعبے کو منفی اثرات سے بچانے کے لئے ہر لمحے بدلتی صورتحال کے مطابق فیصلے کئے جارہے ہیں۔