منہاج یونیورسٹی میں مڈ ٹرم امتحانات کل شروع ہوں گے
لاہور (سٹی رپورٹر)منہاج یونیورسٹی لاہور نجی شعبہ کی پہلی یونیورسٹی ہے جس نے کورونا وائرس کی وباء کے دوران بلاتعطل یونیورسٹی کے 95فیصد سے زائد طلباء و طالبات کو آن لائن کلاسز کی سہولت مہیا کی اور تدریسی عمل بلاتعطل جاری رکھا، پاکستان میں پہلی بار یونیورسٹی کی سطح پر 10جون سے مڈٹرم پیپربھی شروع ہورہے ہیں جس کا ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے،پیپرز کی تیاری میں بھی شفافیت اور مروجہ قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے، مڈٹرم پیپر 17 جون تک جاری رہیں گے اور 10اگست کو آن لائن سمسٹر مکمل ہو جائیگا، علاوہ ازیں منہاج یونیورسٹی سیشن موسم بہار 2020 میں تمام ڈگری پروگرامز میں آن لائن نئے داخلوں کا آغاز بھی کررہی ہے، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے سوشل سائنسز اور پیور سائنسز کے تمام ڈیپارٹمنٹس اور فیکلٹیز کو پاکستان میں آن لائن کلاسز کے منفرد کامیاب تجربے اور احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دی ہے۔
، انہوں نے کہا کہ تمام ڈیپارٹمنٹس اور فیکلٹیز نے مشکل ترین حالات میں جدید ذرائع ابلاغ کا ماہرانہ استعمال کرکے نہ صرف طلبہ و طالبات کے قیمتی وقت کا بہترین استعمال یقینی بنایا ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک استاد کے شایان شان کردار ادا کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے، منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے کامیاب آن لائن کلاسز کے انعقاد پر تمام پروفیسرز، لیکچررز،ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس بالخصوص آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ اور ایڈمنسٹریشن کو شاندار انتظامات پر مبارکباد دی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ دعویٰ بے جا نہ ہو گا کہ آن لائن کلاسز کے کامیاب اجراء اور آن لائن پیپرز لینے کا کامیاب تجربہ منہاج یونیورسٹی کا اعزاز ہے اور نجی شعبہ کی یہ پہلی یونیورسٹی ہے جس نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔