کورونا کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹر قوم کے سر کا تاج ہیں،الفرید ظفر

کورونا کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹر قوم کے سر کا تاج ہیں،الفرید ظفر

  

لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرکی ہدایت پر جنرل ہسپتال میں کورونا کو شکست دینے والے ملازمین کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اْن تمام ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے جنہوں نے نہ صرف طبی خدمات سر انجام دیں بلکہ خود کورونا وائرس کا مردانہ وار مقابلہ کیا۔

اس حوالے سے تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد نذیر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر رانا محمد شفیق کا کہنا تھا کہ کورونا کے مریضوں کی جان بچانے کے لئے اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر فرنٹ لائن پر خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹر ز،نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف ملک و قوم کے سر کا تاج ہیں ان کی خدمات کو کبھی کسی طور بھلایا نہیں جا سکتا۔ اس موقع پر کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے ہسپتال کے ڈاکٹرز و عملے کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور حاضرین محفل نے طبی عملے کے حوصلے، ہمت اور پیشہ وارانہ لگن پر انہیں خراج تحسین پیش کیا جبکہ شرکاء نے اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر ان ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لئے تالیاں بجائیں اور اْن کو دل کھول کر داد دی۔پروفیسر جودت سلیم، ڈاکٹر غزالہ روبی، ڈاکٹر عرفان ملک،ڈاکٹر احمد نعیم،اور ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رقیہ بانو نے بھی طبی عملے کی خدمات کو سراہا اور صحت یابی پر انہیں مبارکباد دی۔پروفیسر محمد نذیر اور ڈاکٹر رانا محمد شفیق کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کارش کم کرنے اور طبی عملہ پر ورکنگ لوڈ گھٹانے کے لئے عوام کو بھی آگے آنا چاہیے اور بطور شہری اپنی بنیادی ذمہ داری کو ادا کرتے ہوئے طبی ماہرین کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عمل کرتے ہوئے ماسک کا استعمال یقینی بنانے کے علاوہ صابن سے ہاتھ بھی دھونا چاہیے تاکہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بلا کسی ناگزیر ضرورت بازاروں اور مارکیٹوں میں محض تفریح کیلئے نہ گھومیں اور اپنے گھروں میں اپنے بزرگوں کا خیال رکھیں۔ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رقیہ بانو نے نرسنگ کمیونٹی کی طرف سے اس عزم کا اظہار کیا کہ جو نرسز کورونا وائر س سے صحت یاب ہو چکی ہیں اْ ن کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں اور وہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے نئے سرے سے اس وائرس کے خلاف میدان میں ہوں گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -