زرداری مافیانے چینی آٹا کمیشن کا مذاق اڑایا، لگام ڈالیں گے،مراد سعید
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے انکوائری کمیشن کا مذاق اڑایا گیا، وزیراعظم عمران خان مافیا کو لگام دینگے اور ان کا احتساب کرینگے۔مراد سعید کا کہنا تھاکہ ماضی میں قرضوں کا بوجھ بڑھتا گیا کسی نے نہیں پوچھا پیسہ کس کی جیب میں گیا، قوم کاپیسہ شوگر مافیا کو دیا جاتا رہا۔ شوگر مافیا کو سزائیں ملیں گی ان سے ریکوریز ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط مافیا پر عمران خان نے ہاتھ ڈالا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آصف علی زرداری مافیا کی خدمت کرتے رہے، انہیں سبسڈی دیتے رہے۔مراد سعید نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کی جے آئی ٹی میں ہے کہ مراد علی شاہ زرداری مافیا کے سہولت کار بنے ہوئے تھے، مراد علی شاہ کا جے آئی ٹی اور شوگر انکوائری میں نام آیا۔ ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے اور جب تک مراد علی شاہ بیٹھے ہوئے ہیں زرداری مافیا کی سہولت کاری کرتے رہیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم ہاؤس نہیں بلکہ اپنی رہائش گاہ بنی گالا میں رہتے ہیں، جبکہ نوازشریف اور زرداری نے اپنے گھروں کو بھی کیمپ آفس بنا رکھا تھا۔ زرداری کا علاج سندھ کے کسی سرکاری ہسپتال میں نہیں ہورہا ہے، جبکہ نواز شریف اپنے پورے ٹبر کا علاج سرکاری اسپتال کی بجائے بیرون ملک میں کراتے ہیں۔
مذاق اڑایا