کورونا وائرس سے حیدر آباد کے پولیس انسپکٹر کا انتقال
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)سندھ پولیس کے ایک اور افسر کورونا وائرس سے متاثر ہوکر انتقال کرگئے ہیں جبکہ صوبے میں اس عالمی وبا سے متاثر پولیس ملازمان کی تعداد 460 سے تجاوز کر گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق حیدرآباد پولیس رینج سے تعلق رکھنے والے انسپکٹر رانا شفیق میں چند روز قبل کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس پر انہیں حیدر آباد کے سول اسپتال میں قائم آئسولیشن سینٹر منتقل کردیا گیا تھا جہاں گزشتہ رات رانا شفیق خالقِ حقیقی سے جا ملے۔حیدرآباد پولیس رینج میں 15 پولیس ملازمان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جن میں سے 7 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 8 مریضوں میں سے رانا شفیق کے انتقال کے بعد اب یہ تعداد 7 رہ گئی ہے۔یہ تمام پولیس ملازمان حیدر آباد کے مختلف اسپتالوں یا میڈیکل سینٹرز میں زیر علاج اور کچھ اپنے گھروں پر آئسولیشن میں ہیں