نوبل انعام یافتہ ملالہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل

نوبل انعام یافتہ ملالہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن مکمل

  

لندن(آئی این پی) دنیا کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ پاکستانی سماجی رہنما ملالہ یوسف زئی نے 22 سال کی عمر میں برطانیہ کی معروف آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کی تعلیم مکمل کرلی۔ملالہ یوسف زئی کو اگست 2017 میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ ملا تھا اور انہوں نے فلسفہ، سیاست اور معاشیات کے اہم مضامین کے ساتھ اپنا گریجویشن مکمل کیا۔کورونا وائرس کی وبا کے باعث آکسفورڈ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے رواں سال گریجویشن کی تقریب منسوخ کی گئی تھی، جس وجہ سے ملالہ یوسف زئی سمیت دنیا بھر سے گریجویشن کرنے والے ہزاروں طلبہ کی تقریب کو یادگار بنانے کیلئے یوٹیوب نے ورچوئل تقریبات کا اہتمام کیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یوٹیوب کی ورچوئل تقریب کے ذریعے ہی ملالہ یوسف زئی نے خصوصی پیغام جاری کیا اور انہوں نے گریجویشن کرنے والے تمام افراد کو کہا کہ ان سب نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرلی، اب وہ دنیا کو بدلنے کیلئے کردار ادا کریں۔ملالہ یوسف زئی کی گریجویشن مکمل ہونے پر انہیں دنیا بھر سے دیگر اہم شخصیات نے بھی مبارک باد دی۔

ملالہ یوسف زئی

مزید :

پشاورصفحہ آخر -