حکومت خوراک کے شعبے میں بہتری کیلئے جدجہد کر رہی ہے،عبدالعلیم خان

حکومت خوراک کے شعبے میں بہتری کیلئے جدجہد کر رہی ہے،عبدالعلیم خان

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)سینئر ووزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ گندم امپورٹ ہونے سے ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کی حوصلہ شکنی ہوگی،وزیر اعظم عمران خان نے وسیع تر ملکی مفاد میں لائق تحسین قدم اٹھایا جس سے ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کا فرق ختم ہو گا اور سارا سال گندم وافر مقدار میں فراہم ہوگی اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ملک میں گندم امپورٹ کرنے کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کسان کو پنجاب بھر میں گندم کی فصل کی اچھی قیمت ملی اور اُسے 1400سے1600روپے من تک رقم ملی۔انہوں نے کہا کہ اب سٹاکسٹ اور مڈل مین کے باعث مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھ رہی تھی،جس پر قابو پانا ضروری تھا۔ دوسری طرف صوبہ کے پی کے میں گندم کی پیداوار بہت کم ہوئی اور گندم امپورٹ کرنے کا یہ فیصلہ دیگر صوبوں کیلئے بھی معاون ثابت ہوگا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے لوگوں کی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے بہترین فیصلہ کیا ہے جبکہ پنجاب کی طرف سے پہلے ہی گندم کی درآمد کا عندیہ دیا جا چکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خوراک کے شعبے میں بہتری لانے کے لئے سنجیدہ کاوشیں کر رہی ہے بالخصوص پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں اب گندم کی درآمد کی اجازت دینے سے مزید بہتری آئے گی اور مقابلے کی فضا قائم ہونے سے گندم کی قیمتیں مستحکم رہیں گی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمیں ہر قیمت پر کسانوں کے ساتھ ساتھ عام شہری کا مفاد عزیز ہے جس کے لئے ہر ممکن قدم اٹھاتے رہیں گے۔

عبدالعلیم خان

مزید :

پشاورصفحہ آخر -