کوروناوائرس، سندھ حکومت کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے،محمد حسین محنتی

کوروناوائرس، سندھ حکومت کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے،محمد حسین محنتی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ہمارے لیے سب سے بڑا چیلینجز اشو کورونا ہے۔وائرس کی وبا سے دنیا کھوکھلی نکلی، ترقی یافتہ ممالک بھی اس درد کی دوا نہ کرسکے، کوروناوبا کے حوالے سے سندھ حکومت کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے، کمزور اور طاقتور کے لیے الگ الگ ایس او پیز قابل تشویش اور دہرے معیار کی عکاسی ہے۔کورونا میں اگر سب کچھ آغاخان و انڈس ہسپتال سمیت پرائیویٹ اداروں کو کرنا ہے تو پھر سندھ حکومت کی کیا کارکردگی ہے۔ جماعت اسلامی ایک اصولی و نظریاتی جماعت ہے۔جوملک میں قرآن و سنت کے نفاذ کے لیے کوشاں ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سجاول جاتی، بیلو، کلاں کوٹ اور ٹھٹہ میں عیدملن اجتماعات، معززین سے ملاقات اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ امیر ضلع الطاف احمد ملاح، نائب امیر غلام شفیع، جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ عبدالمجید سموں اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت مقامی رہنما بھی ساتھ موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی کی دعوت یہ ہے کہ اپنی پوری زندگی ملک و معاشرے کو اسلام کے مطابق بنائیں۔57 دنیا کے اسلامی ممالک میں سے کسی ایک میں بھی اسلامی نظام نہیں ہے۔اسی طرح کلمہ طیبہ کا نام سے حاصل ملک پاکستان پر غیر کے غلام حکمرانوں نے ایک دن کے لیے بھی اسلام نافذ نہیں کیا ہے۔ اللہ سے بغاوت پر مبنی نظام کرپٹ قیادت اور دین سے دوری کی وجہ سے آج دنیا کورونا، بے روزگاری، بھوک وافلاس اور مہنگائی سمیت بے شمار مسائل سے دوچار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ پیٹرول سستا ہونے کے باوجود اس کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچائے جا رہے ہیں۔پیٹرول کی قلت اور لمبی لائنیں لگواکرعوام کو دہرے عذاب میں ڈالا جا رہا ہے حکومت نوٹس لے۔ انہوں نے زور دیاکہ معاشرے میں بدی کے خاتمے و نیکی کے فروغ کی جدوجہد کی جائے۔یہی اللہ کی رضا اور آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے۔دریں اثنا انہوں نے جاتی میں سماجی رہنما ایڈووکیٹ غلام رسول کنبھرکی چائے پارٹی اورقیم ضلع ایڈووکیٹ عبدالمجید سموں کے عشائیہ میں شرکت جبکہ عبدالشکور ملاح کے والد اورعبدالشکور کھٹی کی بھتیجی کی وفات پرلواحقین سے تعزیت کی۔

مزید :

صفحہ اول -