سمندروں کا عالمی دن: آگاہی کے فروغ کیلئے پاک بحریہ کی سرگرمیاں 

سمندروں کا عالمی دن: آگاہی کے فروغ کیلئے پاک بحریہ کی سرگرمیاں 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) بہتر آبی ماحول کی اہمیت، سمندر کے تحفظ اور بقاء کے حوالے سے آگاہی کے فروغ کے لئے پاک بحریہ میں سمندروں کا عالمی دن منایا گیا۔ہر سال 8 جون کو اقوام متحدہ کی سرپرستی میں دنیا بھر میں سمندروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے، جس کا مقصد سمندر کی افادیت اور سمندری ماحول اور وسائل کے تحفظ سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے. رواں برس عالمی یوم بحر کا موضوع "بحری استحکام کے لئے جدت" منتخب کیا گیا ہے۔ سمندر زمین کے ماحولیاتی نظام کا لازمی جزو ہیں اور آلودگی سے پاک سمندر زمین پر انسانی زندگی اور دیگر حیات کی بقاء کے لئے اہمیت کے حامل ہیں۔ جیسے جیسے سمندروں کو درپیش چیلنجز بڑھتے جا رہے ہیں اسی طرح ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید طرز پر اقدامات کرنے کی ضرورت بھی پیش آ رہی ہے۔پاک بحریہ ہر سال عالمی یوم بحر جوش اور ولولے سے مناتی ہے۔ پاک بحریہ میں، پورے سال کے دوران متعدد سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جس میں ہاربر اور ساحل سمندر کی صفائی، عالمی یوم بحر کی افادیت پر لیکچرز اور سیمینار اور سوشل میڈیا مہم شامل تھے۔کرونا وائرس  وبا کی صورتحال کے پیش نظر سماجی اجتماعات سے گریز کرتے ہوئے، عالمی یوم بحر پر آگہی مہم بینرز کی نمائش، کتابچوں کی تقسیم، مضامین کی اشاعت اوراس حوالے سے مخصوص دستاویزی فلموں کی ریلیز پر مرکوز رہی۔ان تمام اقدامات نے سمندروں کے عالمی دن سے متعلق شعور اور آگہی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے عالمی یوم بحر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک بحریہ صاف سمندروں کی اہمیت سے مکمل آشنا ہے۔ انہوں نے سمندروں اور سمندری وسائل کے استعمال اور بچا ؤ کے لئے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کے پاک بحریہ آبی ماحول کے تحفظ کے لیے اپنی بھر پور کاوشیں جاری رکھے گی تاکہ آئندہ نسلیں بھی ان قدرتی وسائل سے بھر پور فائدہ اٹھا سکیں۔

مزید :

صفحہ اول -