شیخ رشید، شاہد خاقان اور پنجاب کے وزیر اعجاز عالم کورونا کا شکار
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) پاکستان میں کورونا وائرس سے اہم سیاسی شخصیات متاثر ہونے لگیں، وزیر ریلوے شیخ رشید کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی میں بھی وائرس کا شکار ہوگئے، دونوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔ صدر عارف علوی اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وفاقی وزیر ریلوے کو فون کیا اور خیریت دریافت کی۔تفصیلات کے مطابق بڑے بڑے سیاستدان بھی کورونا کا شکار ہونے لگے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور شاہدخاقان عباسی کا ٹیسٹ مثبت آ گیا، ترجمان وزارت ریلوے نے وفاقی وزیرشیخ رشید کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ وہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق دو ہفتے سیلف قرنطینہ میں رہیں گے۔شیخ رشید کا کہنا ہے کہ انہیں کورونا کی بظاہر علامات نہیں ہیں، 7 دن بعد پھر ٹیسٹ کراؤں گا۔ادھر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق سابق وزیراعظم کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آ گئی، جس کے بعد انہوں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کرلیاہے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔لاہور سے آئی این پی کے مطابقپنجاب کے وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگیسٹن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اعجاز عالم آگیسٹن کا کہنا تھا کہ کوروناٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ اعجاز عالم آگیسٹن نے جمعہ کو ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی تھی۔دوسری طرف اسلام آباد سے این این آئی کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر کورونا ٹیسٹ کرا لیا جس کی رپورٹ کاانتظار ہے۔ذرائع نے بتایاکہ رکن قومی اسمبلی جئے پرکاش کا ٹیسٹ مثبت آنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹیسٹ کرایا۔ ذرائع کے مطابق جئے پرکاش نے ہفتے کی رات پارلیمنٹ لاجز میں دعوت کا اہتمام کیا تھا، ہفتے کی رات وزیر خارجہ نے جئے پرکاش کی دعوت میں شرکت کی تھی،دعوت میں رکن اسمبلی لعل چند اور عمر کوٹ سے پی ٹی آئی کارکنان نے بھی شرکت کی تھی،جئے پرکاش نے جمعہ کو دو بجے کورونا ٹیسٹ کروانے کے بعد چار بجے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی۔
کورونا ٹیسٹ