کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اب تک کی حکومتی کارکردگی کیسی رہی؟ عوام نے اپنا موقف دیدیا

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اب تک کی حکومتی کارکردگی کیسی رہی؟ ...
 کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اب تک کی حکومتی کارکردگی کیسی رہی؟ عوام نے اپنا موقف دیدیا

  

لاہور (خصوصی رپورٹ) دنیا بھر کی طرح پاکستان بھی کورونا کی لپیٹ میں ہے اور عید کے بعد سے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جارہاہے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موزی وبا سے ریکارڈ 105 اموات ہوئیں لیکن اس وبا کی روک تھام کے لیے حکومت کی کارکردگی کیسی ہے؟ اس بارے میں انٹرنیٹ صارفین نے اپنا موقف دیدیا۔

روزنامہ پاکستان نے اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز  ویب سائٹ "dailypakistan.com.pk"اور آفیشل فیس بک پیج  پر چوبیس گھنٹوں پر محیط سروے کیا جس دوران انٹرنیٹ صارفین سے سوال کیا گیا کہ " آپ کے خیال میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اب تک کی حکومتی کارکردگی کیسی رہی؟" اس سوال کے ساتھ  ویب سائٹ پر تین آپشن دیئے گئے جن میں  " اچھی رہی" ،"بری رہی" اور " پتہ نہیں " کا آپشن تھا۔اس سروے کے دوران مجموعی طورپر 1734 افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا ۔ 

سروے کے دوران سب سے زیادہ  1158 صارفین یعنی مجموعی تعداد کا 67 فیصد کے نزدیک حکومتی کارکردگی بری رہی ، 27 فیصد یعنی 471 لوگوں کا خیال تھا کہ حکومتی کارکردگی اچھی رہی تاہم 6 فیصد یعنی  105 افراد نے کوئی رائے دینے سے گریز کیا اور پتہ نہیں کے آپشن کا انتخاب کیا۔

فیس بک پیج پر بھی انہیں نتائج سے ملتے جلتے رزلٹ ہی موصول ہوئے ۔ فیس بک پر بھی یہی سوال پوچھا گیا تھا لیکن وہاں صرف دو ہی آپشن تھے، کارکردگی اچھی رہی یا پھر کارکردگی بری رہی ۔ ووٹنگ کے دوران 14000 سے زائد لوگوں نے اپنی رائے کا اظہار کیا جن میں سے 61 فیصد لوگوں کا خیال تھا کہ کارکردگی بری رہی جبکہ اس کے مقابلے میں کہیں کم یعنی 39 فیصد صارفین کا خیال تھا کہ کارکردگی اچھی رہی ۔

بعض صارفین نے اپنی آراء کی وضاحت بھی کی اور ایاز میر نے لکھا کہ " حکومت کے پاس  ایمرجنسی کسی بھی صحت کے مسئلے سے نمٹنے کی کوئی منصوبہ نہیں"۔

نزاکت حسین نے لکھا "سب سے پہلی بات کہ لاک ڈائون میں نرمی تو اچھا اقدام ہے لیکن ایس او پیز پر عمل نہیں ہو رہا ۔ایس او پیز پر عمل کرنا عوام کا کام بنتا ہے نہیں تو نتائج اچھے نہیں آئیں گے"۔

ظہور چودھری نے لکھا کہ "عوام کے تعاون کے بغیر کارکردگی زیرو ہو جاتی"

سجاد غنی نے لکھا کہ" پاکستان میں وائرس حکومت کی غفلت کی وجہ سے پھیل گیا"

مزید :

ڈیلی بائیٹس -