منی لانڈرنگ اورآمدن سے زائداثاثہ جات کیس،شہبازشریف نیب لاہور میں پیش ہوگئے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے صدرشہبازشریف نیب آفس لاہور میں پیش ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب)نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف کو آج طلب کررکھا تھا ،اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نیب میں پیش ہوگئے، اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ،شہبازشریف کے پہنچنے پر لیگی کارکنوں کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی۔
نیب نے اپوزیشن لیڈر کو قرض کی تفصیلات اور بینکس کاریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کر رکھی ہے ،شہبازشریف سے منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے گی ،منی لانڈرنگ اورآمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب نے شہباز شریف کے داماد ہارون یوسف اور بھتیجی عاصمہ ڈار کوبھی شامل تفتیش کرلیاہے۔
شہبازشریف کی پیشی کے موقع پر کورونا کے حوالے سے سخت حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں ،نیب دفاتر میں جراثیم کش سپرے بھی کیا گیا ہے، اپوزیشن لیڈر کی پیشی کے موقع پر 500 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہورہائیکورٹ نے شہبازشریف کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظور کرتے ہوئے نیب کواپوزیشن لیڈر کو 17 جون تک گرفتار کرنے سے روک رکھا ہے ۔