کورونا سے بڑھتی اموات اور پھیلتا وائرس، کتنے پولیس افسروں نے چھٹیاں مانگ لیں؟

کورونا سے بڑھتی اموات اور پھیلتا وائرس، کتنے پولیس افسروں نے چھٹیاں مانگ ...
کورونا سے بڑھتی اموات اور پھیلتا وائرس، کتنے پولیس افسروں نے چھٹیاں مانگ لیں؟

  

لاہور(لیاقت کھرل) محکمہ پولیس میں کوروناکے باعث بڑھتی ہوئی اموات اور سابق آئی جی سمیت800سے زائد پولیس افسروں اوراہلکاروں میں کوروناکی تصدیق ہونے پر محکمہ پولیس میں بڑے پیمانے پر تشویش کی لہردوڑ گئی. روزنامہ پاکستان میں لیاقت کھرل  نے لکھا کہ پنجاب پولیس کے 10ایس پیزاور50ڈی ایس پیز سمیت 220تھانوں کے ایس ایچ اوز نے لمبی رخصت کیلئے درخواستیں دے دی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس دفاتر اور تھانوں سمیت پولیس ناکوں پر ماسک نہ پہننے اورسماجی فاصلہ سمیت حکومتی ایس اوپی پرعمل درآمد نہ ہونے پر سخت نوٹس لے لیا،کورونا وبا میں سنگینی پر پولیس دفاتر، تھانوں اور ناکوں پر ماسک لازمی قرار دے دیا گیا،ڈی پی او اور ایس پی عمل درآمد کروانے کا ذمہ دار ہوگا، کیمروں اور خفیہ طور پرآج سے مانیٹرنگ شروع کر دی گئی۔ ذرائع مطابق وزیر اعلیٰ کو محکمہ داخلہ پنجاب نے ایک رپورٹ پیش کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ پولیس کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کررہا ہے مگر حکومتی ایس اوپیزپر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث وباءکے پھیلاؤ میں مزید سنگینی آنے لگی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیاہے کہ کورونا کے حوالے سے اگلے دوہفتے انتہائی اہم ہیں اورکورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والی پولیس فورس زیادہ متاثر ہو سکتی ہے لہٰذا پولیس دفاتر اور تھانوں سمیت پولیس ناکوں پر کورونا سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیراوراقدامات سے کام نہ لیا گیا تومحکمہ پولیس کے افسروں اوراہلکاروں کی مز بڑی تعداد کو رونا جیسی موذی مرض میں مبتلاہوسکتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر گزشتہ 86دنوں میں محکمہ پولیس کے تین ڈی آئی جیز، تین ایس ایس پیز،ڈی پی اوز،ایس پیز،ڈی ایس پیزسمیت 800سے زائد پولیس افسر و اہلکار کورونا کی لپیٹ میں آ چکے ہیں جبکہ لاہورپولیس کے ایک ڈی ایس پی سمیت دو تھانوں کے ایس ایچ اوزاورایک چوکی انچارج سمیت 8 اہلکارکورونا کے باعث شہید ہوچکے ہیں۔

فیصل آباد،گوجرانوالہ،ملتان،راوالپنڈی،نارووال اورشیخوپورہ سمیت ننکانہ میں ڈی پی اوز،ایس پیزاورتھانوں کے ایس ایچ اوزکوروناکی زد میں آ چکے ہیں۔پنجاب پولیس کے ترجمان اورایڈیشنل آئی جی پولیس انعام غنی نے روزنامہ پاکستان کو بتایا کہ ماسک پہننے سمیت سماجی فاصلہ کو برقراررکھنے سمیت حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد میں ناکامی پر ڈی پی اوز اور ایس پیز کے خلاف محکمانہ کارروآئی ہوگی۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -کورونا وائرس -