آسٹریلیا میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کیا ہے اور وہاں ٹی 20 ورلڈکپ کا انعقاد کب ممکن بنایا جا سکتا ہے؟ راشد لطیف نے ایسا مشورہ دیدیا کہ ہر کوئی خوش ہو جائے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے بھی نومبر، دسمبر میں مقابلوں کے انعقاد کا مشورہ دیدیا ہے تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اس حوالے سے کوئی بھی حتمی فیصلہ بدھ کو شیڈول میٹنگ میں غوور و فکر کے بعد ہی کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کہاکہ آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں کا گراف تیزی سے نیچے آ رہا ہے جس کے باعث رواں سال میں ہی نومبر، دسمبر میں ورلڈکپ کرانا ممکن ہو گا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سابق آسٹریلین بلے باز ڈین جونز نے چند روز قبل کہا تھا کہ اگر آسٹریلیا میں حالات ساز گار نہیں تو ٹی 20ورلڈ کپ کا انعقاد نیوزی لینڈ میں کیا جائے اور اب سرکاری طور پر عالمگیر وباءکورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتے جانے کا اعلان کئے جانے کے بعد ایونٹ کی میزبانی کیلئے کیویز کا کیس بھی مضبوط ہوگیا جہاں ہفتے اور اتوار کے رگبی میچز بھی شیڈول کر دئیے گئے ہیں جنہیں دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں تماشائیوں کی سٹیڈیم آمد متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل کمی آتی رہی ہے اور اب معاملات کنٹرول میں نظر آ رہے ہیں جس کے باعث ٹی 20 ورلڈکپ آئندہ سال تک ملتوی کرنے کے بجائے اسی برس نومبر، دسمبر میں کرانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔