صوبے کے15اضلاع میں ٹڈی دل کےخاتمےکیلئےجنگی بنیادوں پرآپریشنز جاری ہے:اجمل خان وزیر

صوبے کے15اضلاع میں ٹڈی دل کےخاتمےکیلئےجنگی بنیادوں پرآپریشنز جاری ہے:اجمل ...
صوبے کے15اضلاع میں ٹڈی دل کےخاتمےکیلئےجنگی بنیادوں پرآپریشنز جاری ہے:اجمل خان وزیر

  

پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبرپختونخواحکومت کےمشیر اجمل خان  وزیرنےکہاہےکہ صوبےکے15 اضلاع میں ٹڈی دل کے خاتمےکیلئےجنگی بنیادوں پرآپریشنزجاری ہےجس میں80ٹیمیں حصہ لےرہی ہیں،سات جون تک46441.5ایکڑاراضی پر سپرے مکمل ہو گیا ہے جبکہ3812418 ایکڑ اراضی کے سروے بھی عمل میں لائے گئے ہیں۔

صوبائی سول سیکرٹریٹ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئےاجمل خان  وزیر نے کہا کہ محکمہ زراعت،پی ڈی ایم اے، پاک آرمی اور ضلعی انتطامیہ پر مشتمل ٹیمیں ٹڈی دل کی سرویلنس اور کنٹرول آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، کرک، ہنگو، بنوں، کوہاٹ، لکی مروت، اورکزئی، کرم، جنوبی و شمالی وزیرستان، خیبر، باجوڑ، پشاور اور ضلع نوشہرہ میں انسداد ٹڈی دل آپریشن جاری ہے جبکہ پی ڈی ایم اے، متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ میں ہے اور صورت حال کومسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ اجمل وزیر نے کہا کہ عوام اپنے علاقے میں ٹڈی دل کی موجودگی کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن نمبر 1700 یا محکمہ زراعت کے موبائل نمبر 03481117070 پر دے سکتے ہیں.

اجمل وزیر نے کہا کہ پشاور ائیرپورٹ سے اوورسیز پاکستانیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، 15 اپریل سے 2 جون تک 29 پروازوں کے ذریعے 5670 مسافر پشاور باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے ہیں اور 40 میتیں بھی پہنچی ہیں ،جو لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں، پشاور ائیرپورٹ سے48پروازوں کا شیڈول جاری کیا گیا ہےجبکہ یہ تعداد مزید بڑھائی جائیگی،اوورسیز پاکستانیوں کو باحفاظت وطن پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعلی محمود خان نے تارکین وطن کو واپس لانے کے لئے وزیراعظم سے خصوصی ملاقات کی تھی جسکے بعد پشاور ائیرپورٹ سے پروازوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

اجمل وزیر نے کہا کہ صوبے میں آٹے کا مسئلہ بھی وزیر اعلی خیبر پختون خوا نے بھر پور انداز میں وزیراعظم عمران کیساتھ اٹھایا ہے، آٹے کی ترسیل میں تمام رکاوٹیں دور کردی گئی ہیں جبکہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ اور متعلقہ محکمے ایکشن میں ہیں،وزیراعلی نے واضح احکامات جاری کئے ہیں کہ ذخیرہ اندوزوں کیساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں بھرتی جائیگی،پٹرول کا مسئلہ ختم کرنےکےلیےچیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز،سیکرٹری پیٹرولیم سے مسلسل رابطے میں ہیں جبکہ انتظامیہ مصنوعی قلت پیداکرنےوالےپیٹرول پمپس کےخلاف کاروائیوں میں مصروف ہے۔

کورونا صورتحال کے حوالے سے مشیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعلی محمود خان کی زیرصدارت گزشتہ روز ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا ہے جسمیں کورونا صورتحال اور ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے وزیراعلی کو بریفنگ دی گئی،اجلاس میں کورونا کے حوالے سے صوبے کے ہسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہےجبکہ وزیر اعلی نے واضح احکامات جاری کئے ہیں کہ جہاں ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہوگا وہاں دوبارہ لاک ڈاون کیا جائے گا۔

مزید :

علاقائی -خیبرپختون خواہ -پشاور -