جعلی بھرتیوں میں ملوث محکمہ تعلیم کے دو افسر گرفتار
گھوٹکی(ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ انسدادبدعنوانی سندھ نےکرپشن میں جعلی بھرتیوں میں ملوث محکمہ تعلیم کے دو افسران کو گھوٹکی سے گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن گھوٹکی سرکل کی ایک ٹیم نے انسپکٹر ایاز میمن کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی بھرتیوں اور سرکاری ریکارڈ میں ہیر پھیر میں ملوث تعلقہ ایجوکیشن افسر اباڑو اللہ بچاؤ قاضی گریڈ 18 اور سابقہ تعلقہ ایجوکیشن افسر اللہ وارایو چاچڑ کو گرفتارکر ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ تیسرا ملزم اختر حسین دھاندو مفرور بتایا جاتا ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری طرف صوبائی وزیر برائے اینٹی کرپشن جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہاہے کہ کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع اور کرپشن سے متعلق شکایات پر فوری ایکشن لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کرپشن میں ملوث افراد کو خبردار کیا کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں اور اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں بصورتِ دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔