وزیراعظم اور قومی زبان

وزیراعظم اور قومی زبان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


وزیراعظم عمران خان کی طرف سے سرکاری تقریبات قومی زبان اردو میں کرنے کی ہدایت کے بعد قومی زبان کے استعمال کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور اب قومی وزارتوں کی طرف سے اپنے اپنے محکموں کو اردو میں کارروائی شروع کرنے کا حکم جاری کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔خبر ہے کہ آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے وزیر سید امین الحق(ایم کیو ایم) نے بھی یہ ہدایت جاری کی ہے کہ اس وزارت کے تمام شعبوں اور ماتحت اداروں میں تقریبات اور اجلاسوں کی کارروائی فوری طور پر قومی زبان میں شروع کر دی جائے۔ اردو نہ صرف پاکستان کی قومی زبان ہے، بلکہ یہ رابطے کی بھی زبان ہے۔ آئینی طور پر اسے مکمل رائج کرنے کی تاریخ گذرے 36 سال ہو گئے اور کئی بار یقین دہانیوں،حتیٰ کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے،اب وزیراعظم نے تقریبات کے انعقاد کے حوالے سے حکم جاری کیا ہے تو اس کا بھرپور خیر مقدم کیا جانا چاہیے۔توقع کی جانی چاہیے کہ اس حکم کی روح کے مطابق ہر سرکاری محکمے میں عمل کا آغاز ہو گا،اور عدالتوں میں بھی اعلیٰ ترین سطح تک اردو کو رائج کیا جائے گا۔

مزید :

رائے -اداریہ -