اپوزیشن ضدچھوڑکرانتخابی اصلاحات پر بات کرے: گورنر پنجاب 

اپوزیشن ضدچھوڑکرانتخابی اصلاحات پر بات کرے: گورنر پنجاب 

  

لاہور(نمائندہ خصوصی،لیڈی رپورٹر)گور نر پنجاب چوہدری سرور سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ملاقات، سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے گور نر پنجاب کو کامیاب دورہ امر یکہ پر مبارکباد دی جبکہ گورنر پنجاب اور سپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کواحتجاجی جلسوں کی بجائے پارلیمنٹ میں مثبت کردار ادا کر نے کا مشورہ دیدیا، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں قائم خصوصی ویکسین سنٹر کا دورہ،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے یونیورسٹی میں شعبہ ہیلتھ کے تعاون سے جاری ویکسین مہم پر بریفنگ دی۔ سٹی پریس کلب ساہیوال کے وفد نے ملاقات کی اور ساہیوال کے مسائل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گور نر ہاؤس لاہور میں ملاقا ت کی جس میں سیاسی،حکومتی اور پار لیمانی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی اور کینیڈا میں مسلمان خاندان کو ٹرک تلے کچلنے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس پر ورثا ء سے اظہار تعزیت بھی کیا۔ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو آگے اور اپوزیشن پیچھے لیکر جانا چاہتی ہے لیکن ہم ان کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اپوزیشن پہلے دن سے ہی میں نہ مانوں کی پالیسی پر گامزن ہے اور ہر معاملے میں رکاوٹیں ڈالنا ہی سیاسی مخالفین کا اصل مشن بن۔اْنہوں نے کہا کہ ہم آئندہ ایسے انتخابات چاہتے ہیں جن پر کوئی بھی انگلی نہ اٹھائے اس لیے اپوزیشن کو بھی چاہیے کہ وہ ضد اور اناچھوڑ کر انتخابی اصلاحات پر بات کرے۔ اْنہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچانے کا کر یڈٹ بھی تحر یک انصاف کی حکومت کا جاتا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کو کامیاب دورہ امر یکہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ آج پاکستان سفارتی سمیت ہر محاذ پر کامیاب ہورہا ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ حکومت ہر قومی ایشو پر سب کو ساتھ لیکر چلنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔مزید براں گورنر پنجاب سے سٹی پریس کلب ساہیوال کے وفد نے صدرحاجی وقار یعقوب و چیئرمین عرفان بشیر چوہدری کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہورمیں ملاقات کی اور ساہیوال کے مسائل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد میں وائس چیئرمین پریس کلب ڈاکٹر عظمیٰ اور سیکرٹری پریس کلب حیدر سید بھی شامل تھے۔اس موقع پر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔گورنر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ علاقے کے مسائل کے حل کے لئے اپنا بھر پورکردار ادا کریں گے۔دریں اثناء گورنر چوہدری سرورنے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں قائم خصوصی ویکسین سنٹر کا دورہ کیا،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے یونیورسٹی میں شعبہ ہیلتھ کے تعاون سے جاری ویکسین مہم پر بریفنگ دی۔ اس موقع پرگورنر پنجاب کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں جب ایک خاص تعداد تک لوگ ویکسین لگوا لیں گے تو ماسک کی پابندی ہٹالی جائے گی۔پروفیسرڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے 95 فیصد سے زائد سٹاف کی ویکسین ہو چکی ہے،طلباء کی ویکسین مہم بھی جاری ہے۔

گورنر

مزید :

صفحہ آخر -