کالجز کی بندش کے حوالے سے پالیسی تبدیل کی جائے، پرویزالٰہی

 کالجز کی بندش کے حوالے سے پالیسی تبدیل کی جائے، پرویزالٰہی

  

لاہور(جنرل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پنجاب پروفیسر لیکچرار ایسوسی ایشن کے وفد نے سیکرٹری جنرل مسز ناہیدہ اور صدر گجرات بار چودھری آصف محمود دھول ایڈووکیٹ کی سربراہی میں ملاقات کی۔ وفد میں اسسٹنٹ پروفیسر مصباح شاہین، مسز قندیل آصف، بشریٰ نوید، مسز نویدہ لیاقت، مسز نبیلہ ہارون اسسٹنٹ پروفیسر شامل تھیں جبکہ اس موقع پر مرزا عابد ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ پروفیسر لیکچرار ایسوسی ایشن کے وفد نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کو مسائل سے آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت کالجز کی بندش کے حوالے سے اپنی پالیسی تبدیل کرے، یونیورسٹیوں سے کالجز واپس لے کر خودمختار کریں تاکہ غریب طلبا کی تعلیم کا حرج نہ ہو، پنجاب میں ایف اے تک کالجز بند نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ جب یونیورسٹیز کو ضرورت ہو تو وہ کالجز کی بلڈنگ اور سٹاف کو اپنے دائرہ اختیار میں لے لیں، شروع شروع میں یونیورسٹیوں کو کامیاب بنانے کیلئے کالجز کو بطور فیڈر استعمال کر کے دھکا دینا کہاں کا انصاف ہے، جن کالجز میں بچوں نے ایف اے تک تعلیم حاصل کرنی ہے وہاں پر کالجز کا سابق اسٹیٹس بحال ہونا چاہئے، غریب بچوں کو تعلیم کا سلسلہ رکنا نہیں چاہئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کالجز کی بندش سے ہزاروں طلبا کا مستقبل تباہ ہو جائے گا، سرکاری کالجز کے بند ہونے سے غریب والدین اپنے بچوں کو پرائیویٹ کالجز کی مہنگی تعلیم نہیں دلا سکتے۔

پرویزالٰہی

مزید :

صفحہ آخر -