وزیر انسانی حقوق کی تیزاب گردی کی شکار لڑکی کے ساتھ ملاقات
لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آ گسٹین نے گزشتہ روزجوہر ٹاؤن میں تیزاب گردی کی شکار مریم بی بی سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر متعلقہ پولیس افسران بھی موجود تھے۔مریم بی بی نے بتایا کہ احمد نامی شخص نے ذاتی رنجش کی بناء پران کے چہرے پر تیزاب پھینکا، جس سے وہ بری طرح جھلس گئیں۔ انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہاں سے ایک ہی روز کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔پولیس حکام نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کیا جاچکا ہے اور گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔صوبائی وزیر نے ایم ایس جناح ہسپتال کو ٹیلی فون پر مریضہ کو مزید علاج کے لئے دوبارہ ہسپتال داخل کرنے کی ہدایت کی۔
، جس پر مریضہ کو دوبارہ برن یونٹ میں داخل کرلیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے مریم کے اہل خانہ کو مکمل انصاف فراہم کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ ملزم کو بہت جلد گرفتار کرلیا جائیگا اور ہسپتال میں مریضہ کا بہترین علاج یقینی بنانے کیلئے محکمہ انسانی حقوق آپ کے ساتھ میں رابطے میں رہیگا۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی بالکل برداشت نہیں کی جائیگی اور اس طرح کے گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد قانون کی آہنی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔