بھارت نے مقبوضہ وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کردیا،جاوید قصوری

بھارت نے مقبوضہ وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کردیا،جاوید قصوری

  

لاہور (نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب(وسطی) محمد جاوید قصوری نے ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مزید فوجیوں کی تعیناتی پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پوری مقبوضہ وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے۔ پہلے ہی بھارت کی آٹھ لاکھ فوج نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑرہے ہیں۔ گزشتہ دو برسوں سے بھارت کرفیو لگا کر انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کی حفاظت لازم و ملزوم ہے۔ پاکستان کے 22کروڑ عوام بھی اپنے مظلوم بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ہندوستان نے حدود و قیود کی تمام سرحدیں عبور کرلی ہیں۔

۔ انڈین آرمی کی مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر نقل و حرکت سے خدشہ ہے کہ بھارت کے ایک مرتبہ پھر کسی گہری سازش میں مصرو ف ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دیا جائے۔ پرامن رہنے کی کوشش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان کے غیور عوام کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ حکومت پاکستان نے بھارت کے ساتھ مذاکرات کرنے کی بجائے ملکی سلامتی اور وقار کو ملحوظ خاطر رکھیں اور ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جو حقیقی معنوں میں عوامی جذبات، احساسات اور خواہشات کے مطابق ہوں۔ محمدجاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مودی سرکار کشمیر کو تقسیم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کو اگر بروقت نہ روکا گیا تو نتائج سنگین ہوسکتے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -