قومی تاجر اتحادکا گھوٹکی ٹرین حادثہ پر تعزیتی اجلاس

  قومی تاجر اتحادکا گھوٹکی ٹرین حادثہ پر تعزیتی اجلاس

  

لاہور(سٹی رپورٹر) قومی تاجر اتحاد کے چیئرمین سپریم کونسل خواجہ اظہر گلشن کی زیر صدارت گھوٹکی ٹرین حادثے پر تعزیتی اجلاس میں قومی تاجر اتحاد کے صدر ملک خالد محمود، پنجاب کے صدر شیخ عمر حیات، جنرل جنرل سیکرٹری لاہور حافظ عابد علی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں گھوٹکی ٹرین حادثے کے جاں بحق اور زخمی مسافروں کیلئے دعائے مغفرت اور صحت یابی کی دعا کی گئی۔  چیئرمین سپریم کونسل قومی تاجر اتحاد خواجہ اظہر گلشن نے تکلیف اور غم سے دوچار خاندانوں کیلئے صبرجمیل کی دعاؤں کا اظہار کیا۔ 

چیئرمین سپریم کونسل خواجہ اظہر گلشن نے مرحومین کیلئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعائے خیر کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہناتھا کہ پچاس سے زائد قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ وزیر ریلوے اس افسوسناک حادثے کے ذمہ داران کا تعین کریں۔ ہنستے بستے سینکڑوں گھرانوں کو غم اور سوگ میں ڈبونے والے عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ چیئرمین سپریم کونسل خواجہ اظہر گلشن نے تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ وزیر ریلوے اس حادثے کی انکوائری کریں۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان ٹرین حادثے کے متاثرین کیلئے امداد کا اعلان کریں۔ جاں بحق اور زخمیوں کے ورثا سے اظہار تعزیت کریں۔ حکومت ٹرین حادثے کو احتساب کی مثال بناتے ہوئے ملوث عناصر کو کڑی سزائیں دے اور قوم کے سامنے لے کر آئے تاکہ آیندہ ایسے حادثات سے نمٹنے کیلئے موثر حکمت عملی ممکن ہوسکے۔ اجلاس میں خوشنود بٹ، شیخ فضل الہی، راو محمد اکرم خان، چوہدری عظمت، ملک نثار کھوکھر، اطہر کاظمی، میاں طاہر سبحانی، اختر خان نیازی، عاصم ارشاد اور اویس بٹ نے بھی شرکت کی۔ قومی تاجر اتحاد کے رہنماوں نے چیئرمین سپریم کونسل خواجہ اظہر گلشن کے ٹرین حادثے پر گہری تشویش اور تحفظات کے اظہار کو جرات مند اور غیور پاکستانی تاجر کمیونٹی کے غیرت مند قائد کے سچ اور حق پر مبنی جذبات قرار دیا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -