ریلوے حادثات کی تمام انکوائریاں قوم کے سامنے لائی جائیں،اشرف بھٹی
لاہور(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے اب تک کی ریلوے حادثات کے نتیجہ میں ہونے والی تمام انکوائریاں قوم کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اس واقعہ کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے وزیر ریلوے اعظم خان سواتی مستعفی ہوں جبکہ چیئرمین و جی ایم ریلوے اور اعلی ریلوے کے افسروں کواس کا ذمے دار ٹھہرا کر ان کو نہ صرف عہدوں سے ہٹایا جائے بلکہ ان کو گرفتار بھی کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ان سب کی نااہلی اور کوتاہی کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔
اس لئے ان کو گرفتار کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی سرکاری افسر کوتاہی نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ عمران خان نے حالات کو اس نہج پر پہنچا دیا جہاں سے پیپلزپارٹی نے ملک کو نکالا تھا، گندم دستیاب مگر آٹا مہنگا، گنا موجود مگر چینی کی قیمتیں قابو سے باہر ہیں، یہ مہنگائی عمران خان کی مافیا کی سرپرستی کے نتائج ہیں پی ٹی آئی کو بجٹ میں تنخواہ دار اور پنشنرز سمیت عام آدمی کے ریلیف کی کوئی فکر نہیں۔