مہنگائی کی شرح میں کئی گنا اضافہ تشویشناک ہے،خضر حیات

     مہنگائی کی شرح میں کئی گنا اضافہ تشویشناک ہے،خضر حیات

  

لاہور (پ ر) پروگریسوپرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے مرکزی راہنماؤں خضر حیات گوندل، مزمل اقبال صدیقی، شیخ ارشد اٹارا، محمد صادق صدیقی، اجمل اشفاق، حاجی محمد اسحاق، حاجی منیر، رضوان یوسف، سر چوہدری ندیم اور دیگر نے کہا ہے کہ گزشتہ چھ سال سے پارٹنرز کے معاوضوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ جبکہ مہنگائی کی شرح میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے۔ بل بجلی، سوئی گیس، پانی، بلڈنگز کے کرایوں، اساتذہ کی تنخواہوں اور دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے۔ ان راہنماؤں کا کہنا تھا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن رول ماڈل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ پنجاب بھر سے ایک کروڑ آؤٹ آف سکول بچوں کو سکول لانے کیلئے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے تاکہ تعلیم کا سلسلہ جاری رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پنجاب سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ معیار تعلیم کو جاری رکھنے کیلئے پیف کے بجٹ میں اضافہ بہت ضروری ہے۔

 اس سے لاکھوں بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہوسکیں گے۔ علاوہ ازیں پارٹنرز کے معاوضوں میں فی الفور اضافے سے پارٹنرز کے معاشی مسائل بھی حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیف اٹھائیس لاکھ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے والا دنیا کا واحد مثالی ادارہ ہے۔ اس لئے پارٹنرز کی بروقت ادائیگیوں کے ساتھ ساتھ باقی ماندہ مسائل کو خوش اسلوبی اور افہام تفہیم سے حل کیا جائے۔ 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -