فلاح عامہ کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم، ترقیاتی فنڈز کے استعمال میں سست روی قبول نہیں: عثمان بزدار

      فلاح عامہ کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم، ترقیاتی فنڈز ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فلاح عامہ کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبے صوبے کے عوام کی سہولت کیلئے شروع کئے ہیں اور ان منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل بے حد ضروری ہے۔ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا کیونکہ منصوبوں میں قومی وسائل استعمال ہوتے ہیں۔ عوام کے خون پسینے کی کمائی کے امین ہیں، کسی کو بے ضابطگی نہیں کرنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری فنڈز کا بروقت استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کا بروقت استعمال نہ کرنے والے محکموں کی جواب طلبی ہوگی۔سردار عثمان بزدار نے کینیڈا کے علاقے اونٹاریو میں پاکستانی خاندان پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پاکستانی خاندان کے 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس اب ماسوائے شرمندگی کے کچھ نہیں بچا۔ جھوٹ اور منفی سیاست زیادہ دیر نہیں چلتی۔ان عناصر نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے ہر موقع پر ترقی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی۔ ملک کی ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں کو عوام بری طرح مسترد کر چکے ہیں۔مشکل حالات کے باوجود آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں اور بڑھتے رہیں گے۔پاکستانی قوم اپوزیشن عناصر کے غیر ذمہ دارانہ منفی رویے کوکبھی معاف نہیں کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن نے ہر موقع پر دوغلے پن کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس مفاد پرست ٹولے کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں۔ اپوزیشن کی قسمت میں رونا لکھا ہوا ہے اور ناکام اپوزیشن کی قسمت میں صرف ناکامی ہی آئے گی۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -