کورونا،  53اموات، وفاقی ملازمین، اہلخانہ کی ویکسی نیشن جلد مکمل کرنے کا فیصلہ 

کورونا،  53اموات، وفاقی ملازمین، اہلخانہ کی ویکسی نیشن جلد مکمل کرنے کا ...

  

  اسلام آباد،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا وائرس سے 53افراد جاں بحق ہو نے کے بعد اموات کی تعداد 21376ہوگئی، پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9لاکھ 35 ہزار 13 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 383 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، شہر قائدمیں کرونا وائرس کی بھارتی قسم کے مزید 4کیسز سامنے آگئے ہیں۔ ماہرین صحت نے اسے بچوں کیلئے خطرناک قرار دے دیاہے۔ماہرین صحت کے مطابق چاروں مسافر عراق سے پاکستان آئے تھے، جن میں بھارتی قسم کے کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ چار میں سے 2 مسافروں کی حالت تشویش ناک ہے۔ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آبا د میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں صرف 40کیسز رپورٹ ہوئے۔این سی او سی نے وفاقی ملازمین کے اہل خانہ کی ویکسی نیشن سے متعلق بڑا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں وفاقی سیکرٹریزکا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی ملازمین اور اہل خانہ کی ویکسی نیشن فوری مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی سیکرٹریز کو ملازمین اور اہلخانہ کی ویکسی نیشن کا ٹاسک سونپا گیا ہے اور اس پر عملدرآمد کرانے کے لئے وفاقی سیکرٹریز کو ملازمین کی ہنگامی ویکسی نیشن کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی سیکرٹریز ماتحت ملازمین اور اہلخانہ کی ویکسی نیشن کے ذمہ دارہونگے، وفاقی ملازمین ویکسی نیشن مکمل ہونے کے بعد ان کے سرٹیفکیٹ وزارت میں جمع کرائیں گے۔دوسری جانب وزارت قومی صحت نے فائزر کرونا ویکسین کے استعمال کیلئے گائیڈلائنزجاری کردی، جس میں کہا گیا ہے کہ فائزر ویکسین کرونا کے ہائی رسک بیمار افراد، حاجیوں، ورک، اسٹڈی ویزہ رکھنے والے افراد کو لگائی جائے گی۔وزارت قومی صحت کا کہنا تھا کہ فائزر ویکسین کی اسٹوریج مقررہ درجہ حرارت پر یقینی بنائی جائے اور ویکسین کے اسٹوریج یونٹ کایومیہ ٹمپریچر ریکارڈ کیا جائے جبکہ فائزر ویکسین کے ساتھ خصوصی سپلائی کٹ فراہم کی جائے۔ گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ ٹرانسپلانٹ کے منتظر مریض 2ہفتے قبل اور ٹرانسپلانٹ کرانے والے مریض ایک ماہ بعد فائزر ویکسین لگوا سکتے ہیں، کینسر، امراض پتہ و جوڑ کے مریض، دائمی امراض تنفس، دائمی امراض قلب، ہائپرٹینشن، دائمی امراض گردہ کا شکار ڈاکٹر کے مشورے سے فائزر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔وزارت قومی صحت کا کہنا تھا کہ فائزر کورونا ویکسین کی ایک شیشی6ڈوز پر مشتمل ہے، اس ویکسین کی دوسری ڈوز 21 دن بعد لگائی جائے گی۔

کورونا وائرس

مزید :

صفحہ اول -